28 C
Islamabad
جمعہ, مئی 30, 2025
ہومقومی خبریںمیاں نواز شریف نے بھارتی دھماکوں کا جواب دے کر ملکی دفاع...

میاں نواز شریف نے بھارتی دھماکوں کا جواب دے کر ملکی دفاع اور سالمیت کو ہمیشہ کیلئے ناقابل تسخیر بنایا،ایم این اے طاہرہ اورنگزیب

- Advertisement -

راولپنڈی۔28مئی (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ 28 مئی 1998ء کو قائد مسلم لیگ ن اور اس وقت کے وزیراعظم محمد نواز شریف نے انڈیا کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 ایٹمی دھماکے کر کے ملکی دفاع اور سالمیت کو خدا کے فضل و کرم سے ہمیشہ کیلئے ناقابل تسخیر بنا دیا ہے اور آج پوری پاکستانی قوم قائد مسلم لیگ محمد نواز شریف اور افواج پاکستان کی جرات مندانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یہ عزم کرتی ہے کہ کہ کسی بھی ہندوستانی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور اس کو ویسی ہی عبرت ناک شکست دی جائے گی جیسی آپریشن” بنیان مرصوص” اور معرکہ حق کے دوران افواج پاکستان کے شہیدوں، غازیوں اور عوام نے متحد ہو کر دی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں یوم تکبیر کی مناسبت سے منعقدہ مرکزی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی،وائس چانسلر فاطمہ جناح یونیورسٹی، سرکاری افسران، مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

- Advertisement -

ایم این اے طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ اس وقت کے تمام غیر ملکی دبائو اور دھمکیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے یہ ثابت کر دیا کہ ملکی سا لمیت اور دفاع سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں اور ایٹمی طاقت ہونے کے ناطے پاکستان کسی بھی جارحیت کی صورت میں اپنے دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کا بھرپور حق رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوجی طاقت اور مضبوط معیشت پر گھمنڈ میں مبتلا ہو کر مودی نے رات کے اندھیرے میں ہمارے ملک پر جو بزدلانہ حملہ کیا اس کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ائیر و نیول چیفس اور پاکستان آرمی،ایئر فورس اور نیوی کے افسران اور جوانوں نے پسپا کر کے جرات اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے جس نے خاص طور پر ہماری نوجوان نسل کو ملک سے محبت اور اس کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کا بھولا ہوا سبق یاد کرا دیا ہے جس کو اب ہم نے ہمیشہ اسی قومی جذبے اور جوش و خروش سے بیدار رکھنا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور دیگر مقررین نے یوم تکبیر کو ملکی سالمیت اور دفاع کی تاریخ میں سنہرا کارنامہ قرار دیتے ہوئے قائد مسلم لیگ اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جن کی دانشمندانہ اور مدبرانہ قیادت کی بدولت آج پاکستان پہلے سے مضبوط،مستحکم اور محفوظ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن اگر اس کا ازلی دشمن دوبارہ کوئی جارحیت کرے گا تو انشاء اللہ اس کو ایسا سبق سکھایا جائے گا جو اس کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔تقریب میں مقررین اور طلبہ و طالبات نے بھی ملی نغموں اور تقاریر کے ذریعے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار اور یوم تکبیر کے قائدین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602352

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں