میاں نواز شریف کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائی ، اسمبلی میں نمائندگی کا پورا حق ادا کیا،برجیس طاہر

105
عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہوں،چوہدری محمد برجیس طاہر

سانگلہ ۔ 23 دسمبر (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر چوہدری محمد برجیس طاہر نے گزشتہ روز فیصل آباد روڈ پر مسٹر سپائس فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے حلقہ کے عوام کا بے حد شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے چھ بار قومی اسمبلی کا ممبر بنایا میرے حلقہ سے چار دیگر قومی اسمبلی کے ممبر رہے لیکن اسمبلی میں ان کی کوئی بازگشت سنائی نہیں دی،

میں نے اسمبلی میں اپنی نمائندگی کا پورا حق ادا کیا ،قانون سازی کے عمل میں اپنا کردار ادا کیا ،میاں نواز شریف مجھ سے بھرپور پیار کرتے ہیں ،میں نے ان کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عوام میرا ساتھ دیتے رہے دنیا کی کوئی طاقت مجھے شکست نہیں دے سکتی، سرمایہ دار طبقہ سے اگر کوئی رہ جاتا ہے تو اگلے سال وہ بھی مخالفت شروع کر دیتا ہے، چوہدری محمد برجیس طاہر کی آمد پر منتظمین اور انجمن تاجران سانگلہ ہل کی طرف سے پرتپاک استقبال کیا گیا پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

مرکزی انجمن تاجران سانگلہ ہل کے سرپرست حاجی میاں شاہد نعیم قادری نے چوہدری برجیس طاہر کو روایتی پگ پہنائی۔ انجمن تاجران سانگلہ ہل کے صدر میاں سعید احمد زرگر نائب صدر ملک عاشق علی جنرل سیکرٹری میاں شمیم الغنی مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے ضلعی صدر حاجی عرفان الحسن بھٹی ودیگر رہنماؤں نے پھولوں کے ہار پہنائے اور گلدستے پیش کئے۔ چوہدری علی نواز چیمہ سمیت متعدد ٹریڈرز نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔چوہدری برجیس طاہر نے اپنے ایک پرانے کارکن یونس سے دعا کروائی اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے میری عزت افزائی فرمائی۔