میجر لیگ کرکٹ، سان فرانسسکو یونیکورنز نے 16ویں میچ میں سیئٹل اورکاس کو 32 رنز سے ہرا دیا

3

ڈلاس۔26جون (اے پی پی):سان فرانسسکو یونیکورنز نےمیجر لیگ کرکٹ کے 16ویں میچ میں سیئٹل اورکاس کو 32 رنز سے ہرا دیا ۔ سان فرانسسکو یونیکورنز کی یہ میجر لیگ کرکٹ میں مسلسل چھٹی فتح ہے۔ سان فرانسسکو یونیکورنزکی جانب سے 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سیئٹل اورکاس کی ٹیم 18.2 اوورز میں 144 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔سان فرانسسکو یونیکورنز کے روماریو شیفرڈآل رائونڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

جمعرات کو گرینڈ پریری سٹیڈیم، ڈلاس میں کھیلے گئے میجر لیگ کرکٹ کے 16 ویں میچ میں سیئٹل اورکاس کے کپتان ہینرک کلاسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔سان فرانسسکو یونیکونز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے،روماریو شیفرڈ56 اور کپتان میتھیو شاٹ نے 52 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔جیک فریزرمیک گرک34 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ سیئٹل اورکاس کے جیرالڈ کوٹزی اورہرمیت سنگھ نے تین، تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جواب میں سیئٹل اورکاس کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 18.2 اوورز میں 144 رنز بنا کو آئوٹ ہوگئی ۔ شایان جہانگیر 40،شمرون ہیٹمائر 30 اور ڈیوڈ وارنر 23 رنز بناسکے۔ سان فرانسسکو یونیکورنزکی نمائندگی کرنے والے پاکستانی فاسٹ بائولر حارث رئوف نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور کپتان میتھیو شارٹ نے 3 کھلاڑی آئوٹ کیے۔سان فرانسسکو یونیکورنز کی ٹیم میجر لیگ کرکٹ میں تاحال ناقابل شکست ہے۔ فاتح ٹیم کے روماریو شیفرڈکوآل رائونڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔