ڈلاس۔30جون (اے پی پی):ٹیکساس سپر کنگز نےمیجر لیگ کرکٹ کے 21ویں میچ میں ایم آئی نیویارک کو 39 رنز سے ہرا دیا ۔ ٹیکساس سپر کنگز کی یہ میجر لیگ کرکٹ میں پانچویں فتح ہے۔ ٹیکساس سپر کنگز کی جانب سے 224 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایم آئی نیویارک کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بناسکی ۔ٹیکساس سپر کنگز کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز فاف ڈو پلیسس دھواں دار ناقابل شکست سنچری سکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔پیر کو گرینڈ پریری سٹیڈیم، ڈلاس میں کھیلے گئے میجر لیگ کرکٹ کے 21 ویں میچ میں ایم آئی نیویارک کے کپتان نکولاس پوران نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔
ٹیکساس سپر کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز بنائے،کپتان فاف ڈوپلیسس نے 53 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 9 فلک شگاف چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 103 رنز کی دلکش اننگز کھیلی،ڈونووان فریرا 53رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ جارج لنڈے اوررشیل اوگرکر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں ایم آئی نیویارک کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنا سکی ۔
کیرون پولارڈ 70 اور کوئنٹن ڈی کاک 35 رنز بناسکے۔ ٹیکساس سپر کنگز کے عقیل حسین نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ناندرے برگر اور مارکس سٹوئنس نے دو، دوکھلاڑیوں آئوٹ کیا۔ فاتح ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی کودھواں دار ناقابل شکست سنچری سکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔