”میرا پاکستان میرا گھر” سکیم کے تحت عوام کی جانب سے 52 ارب روپے کے قرضوں کے لیے درخواستیں جمع کرائی گئیں

81
State Bank

اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):گھروں کی تعمیر کے لیے ”میرا پاکستان میرا گھر” سکیم کے تحت عوام کی جانب سے 52 ارب روپے کے قرضوں کے لیے درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔ ہر گذرتے دن قرضہ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشنکی رپورٹ کے مطابق 20 اپریل 2021 تک میرا پاکستان میرا گھر سکیم کے تحت گھروں کی تعمیر کے لیے 52 ارب روپے سے زیادہ کے قرضوں کے لیے درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں جن میں سے 15 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ دیگر درخواستیں منظوری کے مختلف مراحل میں ہیں۔

واضح رہے کہ میرا پاکستان میرا گھر سکیم کے اجرا کے بعد گھروں کی تعمیر کے لیے بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی میں رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران 36 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جون 2020 کے اختتام پر اس مد میں 148 ارب روپے کے قرضہ جات جاری کیے گئے تھے جبکہ مارچ 2021 کے خاتمہ پر قرضوں کی فراہمی 202 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔