میری ٹائم سیکٹرکی بہتری کے لئے ہرممکن کوشش جاری،عالمی بحری تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے بھی ہماری کارکردگی کو سراہا ہے، وفاقی وزیرقیصر احمد شیخ

101
Qaiser Ahmad Sheikh
Qaiser Ahmad Sheikh

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ میری ٹائم سیکٹرکی بہتری کے لئے ہرممکن کوشش کر رہے ہیں،عالمی بحری تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے بھی ہماری کارکردگی کو سراہا ہے۔

بدھ کے روز ورلڈ میری ٹائم ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے بحری امور نےکہا کہ پاک بحریہ میری ٹائم سیکٹر کے مسائل حل کرنے میں ہماری مدد کر رہی ہے،میری ٹائم سکیورٹی اور بلیو اکانومی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ،میری ٹائم سنگل ونڈو کے ذریعے پورٹس کی ڈیجیٹلائیزیشن کا کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میرین اکیڈمی میں عالمی معیار کے جدید ٹریننگ پروگرامز کرائے جا رہے ہیں،کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ریونیو میں بھی گزشتہ سال کی نسبت اضافہ ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ پچاس فیصد درآمدات گوادر پورٹ کے ذریعے کرنے کا پلان ہے تاکہ بلوچستان خوش حال ہو سکے، سمندری تجارت کے لحاظ سے پاکستان کی لوکیشن اس خطے میں سب سے اہم ہے،پورٹس کی بہتری کے لئے ہر سٹیک ہولڈر کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں۔