جوہانسبرگ ۔ 14 جنوری (اے پی پی) جنوبی افریقہ نے پاکستان کو تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 107 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کر دیا، پاکستانی ٹیم میچ کے چوتھے روز 381 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 273 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، اسد شفیق کے سوا گرین شرٹس کا کوئی بھی کھلاڑی پروٹیز باﺅلرز کے سامنے زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، اسد شفیق 65 رنز بنا کر نمایاں رہے، شاداب خان 47 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، ڈونے اولیویئر نے میچ میں 8 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، ڈی کوک میچ اور اولیویئر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔