مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 کا فارمیٹ 2024 کے ایڈیشن جیسا ہی ہوگا

لاہور۔6فروری (اے پی پی):مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 کا فارمیٹ 2024 کے ایڈیشن جیسا ہی ہوگا، جو اب تک کا سب سے بڑا ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ تھا، جس میں 20 ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہی تمام ٹیمیں ایک ابتدائی گروپ مرحلے میں ایکشن میں ہوں گی، جہاں ہر ٹیم 4میچ کھیلے گی اور ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں رسائی …

لاہور۔6فروری (اے پی پی):مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 کا فارمیٹ 2024 کے ایڈیشن جیسا ہی ہوگا، جو اب تک کا سب سے بڑا ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ تھا، جس میں 20 ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہی تمام ٹیمیں ایک ابتدائی گروپ مرحلے میں ایکشن میں ہوں گی، جہاں ہر ٹیم 4میچ کھیلے گی اور ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں رسائی حاصل کریں گی۔

سپر ایٹ مرحلہ بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، جس میں 8 ٹیمیں شامل ہوں گی اور انہیں 4، 4 ٹیموں کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ شیڈول اور انتظامی سہولت کے لیے 8 ٹیموں کو پہلے سے سیڈ کیا گیا ہے۔ گروپ ون میں آسٹریلیا، بھارت، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز شامل ہوں گے جبکہ گروپ ٹو میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، پاکستان اور سری لنکا کو رکھا گیا ہے۔

اگر یہ سیڈ شدہ ٹیمیں ابتدائی گروپ مرحلے سے کوالیفائی کرتی ہیں تو انہیں سپر ایٹ میں اپنی سیڈنگ کے مطابق ہی گروپ میں شامل کیا جائے گا، نہ کہ ابتدائی مرحلے میں ان کی پوزیشن کی بنیاد پر۔اسی طرح سپر ایٹ مرحلے میں ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی، جہاں ایک گروپ کی فاتح ٹیم دوسرے گروپ کی رنر اپ ٹیم کا سامنا کرے گی۔

ٹورنامنٹ کے دونوں مراحل میں جیت پر دو پوائنٹس، میچ کے نتیجہ خیز نہ ہونے پر ایک پوائنٹ جبکہ شکست پر کوئی پوائنٹ نہیں دیا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں میچ ٹائی نہیں ہوتا اور برابری کی صورت میں نتیجہ نکالنے کے لیے مخصوص طریقہ کار استعمال کیا جاتا ہے۔