لاہور۔6فروری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے شاندار اور اسٹارز سے سجی کمنٹری ٹیم اور جدید براڈکاسٹ سہولیات کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت بھارت اور سری لنکا میں ہونے والا یہ میگا ایونٹ دنیا بھر کے شائقین کو ایک یادگار اور جدید ترین نشریاتی تجربہ فراہم کرے گا۔آئی سی سی ٹی وی کی جانب سے ٹورنامنٹ کے …
مینز ٹی20ورلڈ کپ کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کمنٹری ٹیم وجدید براڈکاسٹ سہولیات کا اعلان

مزید خبریں
لاہور۔6فروری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے شاندار اور اسٹارز سے سجی کمنٹری ٹیم اور جدید براڈکاسٹ سہولیات کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت بھارت اور سری لنکا میں ہونے والا یہ میگا ایونٹ دنیا بھر کے شائقین کو ایک یادگار اور جدید ترین نشریاتی تجربہ فراہم کرے گا۔آئی سی سی ٹی وی کی جانب سے ٹورنامنٹ کے تمام میچز کی براہِ راست کوریج کے ساتھ ساتھ پری میچ شوز، اننگز بریک پروگرامز، پوسٹ میچ تجزیے اور یومیہ ہائی لائٹس بھی نشر کی جائیں گی، تاکہ اوپننگ میچ سے فائنل تک مقابلے کی مکمل کہانی شائقین تک پہنچائی جا سکے۔
آئی سی سی ٹی وی آٹھ وینیوز پر چھ خصوصی پروڈکشن یونٹس کے ذریعے نشریات پیش کرے گا، جہاں جدید براڈکاسٹ کٹس کے ساتھ 45 تک کیمرے استعمال کیے جائیں گے۔ اس میگا پروجیکٹ میں جیو اسٹار اور این ای پی جیسے عالمی معیار کے براڈکاسٹ پارٹنرز کے تعاون سے تقریبا 720 براڈکاسٹ ماہرین خدمات انجام دیں گے، جن کا تعلق 20 سے زائد ممالک سے ہوگا، جو اس ایونٹ کی عالمی حیثیت کو مزید نمایاں کرتا ہے۔کمنٹری پینل میں کرکٹ کی دنیا کے نامور اور مقبول آوازوں کو شامل کیا گیا ہے، جن میں روی شاستری، ناصر حسین، ایان اسمتھ اور ایان بشپ سرفہرست ہیں۔ سابق ورلڈ کپ فاتح ایرون فنچ، دنیش کارتھک، کمار سنگاکارا، سیموئل بیڈری، رابن اتھپا اور کارلوس بریتھویٹ بھی شائقین کو اپنے تجربے اور تجزیے سے محظوظ کریں گے۔
اس کے علاوہ ایون مورگن، وسیم اکرم، سنیل گواسکر، میتھیو ہیڈن اور رمیز راجہ جیسے عالمی ایونٹس کے فاتحین بھی کمنٹری باکس میں جلوہ گر ہوں گے۔ ڈیل اسٹین، وقار یونس، مائیکل آتھرٹن، شان پولاک اور کیٹی مارٹن سمیت کئی دیگر معروف نام بھی اس ٹیم کا حصہ ہوں گے۔بھارت اور سری لنکا میں کوریج کے لیے ہرشا بھوگلے، ڈینی موریسن، ایان وارڈ، نک نائٹ، اطہر علی خان، بازید خان اور رانک کپور جیسے تجربہ کار براڈکاسٹرز بھی شامل ہوں گے، جبکہ سری لنکا کی نمائندگی رسل آرنلڈ اور روشن ابے سنگھے کریں گے۔ خاص بات یہ ہے کہ سابق سری لنکن کپتان اور 2014 کے ٹی20 ورلڈ کپ فاتح اینجلو میتھیوز اور جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ چیمپئن کپتان ٹیمبا باووما پہلی بار آئی سی سی ٹی وی کے کمنٹری پینل کا حصہ بنیں گے۔
نشریات کو مزید موثر بنانے کے لیے آئی سی سی نے دو جدید ٹیکنالوجیز بھی متعارف کرائی ہیں۔ پچ ویو کے ذریعے پچ کو ڈیٹا سے بھرپور ورچوئل ماڈل میں پیش کیا جائے گا، جس سے کمنٹیٹرز پچ کے رویے اور اس کے میچ پر اثرات کو آسان انداز میں بیان کر سکیں گے۔ اسکل ویو کے ذریعے کھلاڑیوں کی تکنیک، فیصلہ سازی اور فیلڈ میں ہونے والی باریک تبدیلیوں کو ورچوئل گرافکس کے ذریعے نمایاں کیا جائے گا، جس سے شائقین کو کھیل کی گہرائی بہتر انداز میں سمجھنے کا موقع ملے گا۔اس کے علاوہ ہاک آئی ٹیکنالوجی، مکمل ڈی آر ایس سہولیات، جدید آن ایئر گرافکس اور ڈیٹا اینالیٹکس بھی نشریات کا حصہ ہوں گے۔ آئی سی سی ٹی وی میچز کے علاوہ کھلاڑیوں کے پروفائلز، ٹیم فیچرز، میچ پری ویوز، وینیو رپورٹس اور بیک اسٹیج مناظر بھی دنیا بھر کے براڈکاسٹرز کو فراہم کرے گا، تاکہ شائقین کو ورلڈ کپ کا ایک بھرپور، رنگا رنگ اور جدید انداز میں احاطہ شدہ تجربہ میسر آ سکے۔








