اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ مینوفیکچرنگ انڈسٹری جی ڈی پی کی ترقی، جدت اور عالمی مسابقت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور اس کے فروغ سے معیشت پر نمایاں اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اتوار کو ’’معیشت پر مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے اثرات‘‘ کے موضوع پر منعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فروغ پذیر مینوفیکچرنگ سیکٹر معاشی ترقی کا ایک اہم محرک ہے جو معیشت کے تمام شعبوں کو متحرک کرتا ہے۔
مقامی سطح پر اشیا کی پیداوار سے نہ صرف مقامی طلب کو پورا کیا جا سکتا ہے بلکہ اس سے برآمدات کی راہیں بھی کھلتی ہیں اور تجارتی توازن میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس سے کسی ایک شعبے پر بہت زیادہ انحصار سے وابستہ خطرات کو کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ مینوفیکچرنگ سیکٹر سے جدت طرازی، تکنیکی ترقی، مصنوعات کی ڈیزائننگ، پیداوار اور ریفائننگ کے عمل کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط مینوفیکچرنگ سیکٹر سے عالمی مسابقت حاصل ہوتی ہےاور عالمی سپلائی چینز میں ملک کی پوزیشن کو بہتر اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکتا ہے جس سے اقتصادی شراکت داری کو فروغ ملتا ہے۔
مہر کاشف یونس نے کہا کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کی طویل المدتی عملداری کے لیے اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی ذمہ داری کے درمیان توازن کا قیام انتہائی ضروری ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=431857