کراچی۔17نومبر (اے پی پی):مین آف دی میچ بابراعظم کی 63 رنز ناٹ آئوٹ کی عمدہ اور پراعتماد بیٹنگ نے کراچی کنگز کو پی ایس ایل فائیو کی چمکتی ہوئی خوبصورت ٹرافی دلوادی،کنگز پہلی مرتبہ پی ایس ایل کی چیمپیئن بن گئی،بابراعظم نے پی ایس ایل فائیو میں پانچ نصف سنچریاں بنائیں، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور بہترین بیٹسمین کا ایوارڈ بھی بابر اعظم ، بہترین بالرشاہین شاہ آفریدی اور بہترین فیلڈر فخرزمان کو دیا گیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منگل کو کھیلے جانے والے پی ایس ایل فائنل میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بناکر کراچی کنگز کو میچ جیتنے کے لئے 165 رنز کا ہدف دیا، قلندر کی جانب سے دیا جانے والا ہدف پی ایس ایل فائیو کا سب سے کم اسکور ہے، اس سے پہلے 14 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جانے والے میچ میں 136 رنز کا کم اسکور والا میچ کھیلاگیا تھا، کراچی کنگز نے 8 بالز پہلے ہی 5 وکٹوں کے تقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ بند اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے پاور پلے کے دوران ایک وکٹ کے نقصان پر 35 رنز بنائے۔اس وقت بابر اعظم 13 اور ایلکس ہیلز 5 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے، اس دوران آئوٹ ہونے والے بیٹسمین شرجیل خان نے 12 بالز پر 2 چوکوں کی مدد سے 13 رنز بنائے اور سمت پٹیل کی گیند پر ڈیپ مڈ وکٹ بانڈری لائن پر موجود فخرزمان نے ان کا زبردست کیچ لیا ۔ جب مجموعی اسکور 49 رنز پر پہنچا تو ایلکس ہیلز کو دلبر حسین نے کلین بولڈ کردیا۔انہوں نے 11 بالز پر ایک چوکے کی مدد سے 11 رنز بنائے۔چیڈوک والٹن نے پراعتماد اننگ کھیلی جس میں انہوں نے 27 بالز پر ایک چوکے کی مدد سے 22 رنز بنائے اور وہ مجموعی اسکور 110رنز پر دلبر حسین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ جس کے بعد افتخار احمد نے بھی 4 رنز بناکر حارث رئوف کی گیند پر ڈیوڈ ویزے کے ہاتھوں کیچ ہوئے اور اگلی گیند پر روتھر فورڈرن بنائے بغیر حارث رئوف کی گیند پر سہیل اختر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ اس موقع پر حارث رئوف ہیٹ ٹریک پر تھے لیکن کپتان عماد وسیم نے بال رک کر ہیٹ بچالی۔ بابراعظم نے اپنی اننگ میں 49 بالز پر 7 چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے جبکہ کپتان عماد وسیم نے 7 بالز پر 2 چوکوں کی مدد سے 10رنز بنائے۔لاہور قلندرز کے دلبر حسین اور حارث رئوف نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ سمت پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے پہلے لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔لاہور قلندرز کے اوپننگ بیٹسمینوں تمیم اقبال اور فخرزمان نے ابتدائی 5 اوورز کے پاور پلے کے دوران 6 رنز فی اوور کی اوسط صرف 30رنز بنائے، جس میں جارحانہ بیٹنگ کی صلاحیت رکھنے والے تمیم اقبال کے 10اور فخرزمان کے 17 شامل تھے جبکہ 3 اضافی رنز بنے ۔ جبکہ 10 اوورز میں 6.8 کی اوسط سے 68 رنز بنائے جس کی فوری بعد تمیم اقبال ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 38 بالز کا سامنا کرتے ہوئے35 رنز بناکر عمید آصف کی گیند پر ڈیپ مڈ وکٹ کے اوپر سے شارٹ کھیلنے کی کوشش میں افتخار احمد کی ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔فخر زمان سے کچھ امیدیں وابسطہ تھیں لیکن وہ بھی 24 بالز پر 4 چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنانے کے بعد عمید آصف کی گیند پر لیگ سائیڈ پر اونچا شارٹ کھیلا جہاں بال کی نیچے دو فیلڈر موجودتھے لیکن افتخار احمد نے کیچ کرنے کی کال دی اور اس طرح فخرزمان کیچ ہوگئے۔قلندرز کی 68 رنز پر پہلی، 69 پر دوسرے اور 70 رنز پر تیسری وکٹ یکے بعد دیگرے گر گئیں۔ تیسرے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین محمد حفیظ صرف 2 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی گیند پربابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ پانچویں نمبر پر بیثنگ کے لئے آنے والے بیٹمین سمت پٹیل8 بالز پر 5 رنز بنانے کے بعد ارشد اقبال کی گیند پر وقاص مقصود کی گیند پر کیچ ہوئے جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین بین ڈنک بھی اپنی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ نہیں کرسکے اور جب مجموعی اسکور 97رنز پر پہنچا تو وہ انفرادی اسکور 11 رنز پر ارشد اقبال کی گیند پر آئوٹ ہوگئے، ان کے کیچ بابراعظم نے ڈیپ مڈ وکٹ پر لیا۔ کپتان سہیل اختر نے وقاص مقصود کی گیند پر ڈیپ مڈ وکٹ پر اونچا شارٹ کھیلا جہاں کوئی فیلڈر موجود نہیں تھا لیکن روتھر فورڈ نے بھاگتے ہوئے آگے کی جانب چھلانگ لگا کر کیچ لے لیا، اس طرح کپتان 14بالز پر ایک چوکے کی مدد سے 14 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔محمد فیضان رن بنائے بغیر وقاص مقصود کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔لاہور قلندرز نے اپنی اننگ میں 55 ڈاٹ بالز کھیلیں جبکہ ان کے تمام بیٹسمین کیچ آئوٹ ہوئے ، یہ پی ایس ایل فائیو کا سب سے کم اسکور ہے، اس سے پہلے 14 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جانے والے میچ میں 136 رنز کا کم اسکور والا میچ کھیلاگیا تھا۔ڈیوڈ ویزے نے 14 بالز پر ایک چوکے کی مدد سے 14 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے جبکہ شاہین آفریدی نے 4بالز پر ایک چھکا اور ایک چوکے کی مدد سے 12 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔کنگز کے وقاص مقصود، عمید آصف اور ارشد اقبال نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا جبکہ عماد وسیم نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ لاہور قلندرز کی قیادت سہیل اختر نے کی جبکہ دیگر پلیئرز میں فخرزمان، تمیم اقبال (بنگلہ دیش)، محمد حفیظ، وکٹ کیپر بین ڈنک ( آسٹریلیا)، سمت پٹیل (انگلینڈ)، ڈیوڈ ویزے (جنوبی افریقہ)، ، محمد فیضان، شاہین آفریدی،حارث رئوف اور دلبر حسین شامل تھے۔کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم نے کی جبکہ دیگر کرکٹرز میں بابر اعظم ،شرجیل خان ، ایلکس ہیلز(انگلینڈ)، عمید آصف،وکٹ کیپر چیڈوک والٹن (ویسٹ انڈیز)، محمد عامر ، وقاص مقصود،روتھر فورڈ (ویسٹ انڈیز)،افتخار احمد اور ارشد اقبال شامل تھے۔امپائرنگ کے فرائض مائیکل گوف اور علیم ڈار اور احسن رضا نے ٹی وی امپائر کے فرائض انجام دئیے۔