لاہور۔17مارچ (اے پی پی):لاہور ، میٹرک سالانہ امتحانات میں دوست کی جگہ ریاضی کا پیپر دیتے ہوئے نوجوان پکڑا گیا ۔ ترجمان لاہور بورڈ کے مطابق جاری میٹرک سالانہ امتحانات کے دوران لارنس روڈ کے امتحانی مرکز سینٹر نمبر 310میں دوست کی جگہ ریاضی مضمون کا پیپر دینے والا امیدوار رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔
بورڈ کی طرف سے جاری رول نمبر 268441جو کہ اصلی امیدوار محمد شاہ زیب کی جگہ امتحان دے رہا تھا، سینٹر سپرنٹنڈنٹ نے دوران انسپکشن جعلی امیدوار کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔جعلی امیدوار فیضان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔کنٹرولر امتحانات محمد زاہد میاں نے سپرنٹنڈنٹ محمد ریحان کو شاباش دی، کارگردگی کو سراہا اور کہا کہ میٹرک امتحانات کو شفاف بنانے کے لیے پرعزم ہیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573587