راولپنڈی۔25فروری (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ میٹرک کے پہلے سالانہ امتحانات کو شفاف بنانے کے لئے تعلیمی بورڈز سے بھرپور تعاون کیا جائے گا،امتحانات طلبا و طالبات کے درمیان صحت مندانہ مقابلے اور آگے بڑھنے کے جذبے کو ابھارنے کا ذریعہ ہیں، طلباء کو پرسکون ماحول کی فراہمی اور امتحانی عمل کی شفافیت اولین ذمہ داری ہے۔
یہ بات انہوں نے منگل کو میٹرک فرسٹ اینول 2025 امتحانات کے انتظامات سے متعلق منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیئرمین تعلیمی بورڈ محمد عدنان خان، ڈپٹی کمشنرز ، سی ای او ایجوکیشن ،ڈائریکٹر کالجز نے شرکت کی۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ کی جانب سے انتظامات پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ میٹرک فرسٹ اینول 2025 کے امتحانات 4 مارچ سے شروع ہوں گے اور امتحان میں ڈویژن بھر سے ایک لاکھ 20 ہزار 24 امیدوار شریک ہوں گے، 399 مراکز قائم کئے گئے جبکہ راولپنڈی ڈویژن میں 97 حساس امتحانی مراکز کی نشاندہی کے بعد اضافی سکیورٹی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع اٹک میں 15، ضلع جہلم میں 17، ضلع چکوال میں 08 تلہ گنگ میں 11، ضلع مری میں09 اور ضلع راولپنڈی میں 37 حساس سینٹرز قائم ہیں ۔
دریں اثناء کمشنر راولپنڈی نے امتحانی مراکز میں فول پروف انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز بورڈ کے امتحانی مراکز کے دورے کریں اور امتحانی مراکز پر انتظامات کا جائزہ اورنگران عملہ کی ورکنگ کی بھی پڑتال کی جائے۔ امتحانی مراکز میں دفعہ 144 نافذ کر کے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں جبکہ امتحانی ڈیوٹی سے غیر حاضری ناقابلِ قبول ہوگی اور سخت کارروائی کی جائے گی تاہم امتحانی عمل میں بے ضابطگی کی صورت میں فوری ایف آئی آر درج ہوگی۔