میپکونے صارفین کی سہولت کے لئے نئی موبائل ایپ ”میپکوسمارٹ“کا افتتاح کردیا

696
mepco

ملتان۔ 21 ستمبر (اے پی پی):ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو)نے یو ایس ایڈپاور سیکٹر امپروومنٹ ایکٹیویٹی(PSIA) کے تعاون سے صارفین کی سہولت کے لئے نئی موبائل ایپ ”میپکوسمارٹ“کا افتتاح کردیاہے۔ چیئرمین میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز سردار محمد جمال خان لغاری،چیف آف پارٹی یو ایس ایڈ شفیق الرحمن اورڈاکٹر کاشف شہزاد نے گزشتہ روز میپکو ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ تقریب میں موبائل ایپ کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے صارفین کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایپ متعارف کروائی گئی ہے جس میں الیکٹرانک بل کے اجراء،صارفین سمارٹ ادائیگیاں، انرجی ایڈوائزر، لوڈمینجمنٹ، اپنے میٹر کی مانیٹرنگ اور کسٹمرسروسز کی سہولیات سے مستفید ہوسکیں گے۔

چیئرمین میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرزنے کہا کہ یو ایس ایڈ (PSIA) کے تعاون سے میپکو موسیٰ پاک ڈویژن ملتان کو ماڈل بنایاجارہاہے جبکہ موسیٰ پاک ڈویژن کے زیر انتظام اندرون شہر کے علاقوں ،تنگ گلیوں میں بجلی چوری اور کرنٹ لگنے سے رونماہونے والے واقعات کی روک تھام کے لئے ایئریل بنڈل کیبل کی تنصیب بھی تیزی سے جاری ہے جس پر میپکو یو ایس ایڈ (PSIA) کی مشکور ہے۔چیف آف پارٹی یو ایس ایڈ شفیق الرحمن نے کہا کہ صارفین کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے 5کسٹمر فسیلی ٹیشن سنٹر زقائم کئے جارہے ہیں

جہاں حسن آباد ،شمس آباد،بوسن روڈ،واپڈا ٹاؤن ،گلگشت سب ڈویژنوں کے صارفین انٹرلنک ہوں گے اور کسی بھی علاقہ میں قائم سنٹر سے اپنے مسائل فوری حل کرو ا سکیں گے۔ پانچوں سب ڈویژنوں میں 250کلومیٹر اے بی سی کیبل بچھائی جارہی ہے جبکہ 535ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کو محفوظ بنانے کے لئے ایسٹ پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم (APMS)قائم کیا جارہاہے، سب ڈو یژن میں سمارٹ انرجی میٹرز بھی نصب کئے جائیں گے۔