ملتان۔ 20 دسمبر (اے پی پی):ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی ( میپکو) نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف گزشتہ روز بھی آپریشن جاری رہا۔میپکوترجمان کے مطابق ایک روز میں چیکنگ ٹیموں نے مزید 65 صارفین کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ کرمختلف پولیس سٹیشنوں میں 36 نئے مقدمات کا اندراج کرادیاجبکہ 3 بجلی چوروں کو موقعے سے گرفتار کرلیاگیا ،بجلی چوروں کو 46 لاکھ 67 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ، رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹر صارفین سے ایک روز میں ایک کروڑ 85 لاکھ 60 ہزار روپے وصول کئے گئے۔
غلہ منڈی اور مخدوم رشید سب ڈویژن ملتان میں نادہندگان کے خلاف آپریشن کیاگیا،10 لاکھ روپے سے زائد واجبا ت کی عدم ادائیگی پر2 ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمرزاتارلئے گئے۔ 38 لاکھ 20 ہزار روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر 12 نادہندہ کاشتکاروں کی بجلی منقطع کی گئی۔ رحیم یار خان میں 2 لاکھ 90 ہزار روپے ادا نہ کرنے پر ایک، بہاولنگر اور خانیوال میں 5 لاکھ 66 ہزار روپے کے بلز ادا نہ کرنے پر ایک،ایک ٹیوب ویل کی بجلی منقطع کردی گئی۔
احمد یار سب ڈویژن ساہیوال اور پاکپتن سب ڈویژن میں 29 لاکھ 70 ہزار روپے بقایاجات ادا نہ کرنے پر 9 ڈیفالٹر ٹیوب ویلوں کی بجلی منقطع کر دی گئی۔ نادہندہ کاشتکاروں کے جمپرز، میٹرز اور ٹرانسفارمرز اتار کر قبضہ میں لے لئے گئے۔