ملتان۔ 26 فروری (اے پی پی):میپکوریجن میں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف جاری آپریشن کے دوران 7 ستمبر سے ابتک 17 ہزار 867 بجلی چورپکڑے گئے جن کے خلاف جنوبی پنجاب کے مختلف پولیس سٹیشنوں میں 17 ہزار 192 مقدمات کا اندراج کرایاگیا جبکہ 12721بجلی چوروں کو موقع سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ میپکو ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران بجلی چوروں کو 2 کروڑ 90 لاکھ یونٹس چوری کرنے پر ایک ارب 16 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیاجس میں سے 70 کروڑ 31 لاکھ روپے جرمانہ وصول کرکے خزانے میں جمع کروایاگیا۔
دریں اثناء میپکو ریجن میں یکم فروری سے اب تک 26 ہزار 750 نادہندگان سے 65 کروڑ 72 لاکھ روپے وصول کر لئے گئے۔ نادہندگان میں 23 ہزار 371 گھریلو ڈیفالٹرز سے 26 کروڑ 57 لاکھ روپے، ایک ہزار 772 نادہندہ تاجروں سے 2 کروڑ 75 لاکھ روپے، 296 ڈیفالٹر صنعتکاروں سے 23 کروڑ 89 لاکھ روپے، ایک ہزار 258 نادہندہ زرعی ٹیوب ویلوں سے 12 کروڑ 39 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔
میپکو انتظامیہ نے 31میپکو ملازمین کو بجلی چوری میں معاونت کرنے پر سزائیں دیں، ملتان میں 4 اور ڈی جی خان میں 13 میپکو اہلکاروں کو بجلی چوری کی معاونت کرنے پر سزائیں دی گئیں،ساہیوال میں ایک، رحیم یار خان میں 9 اور مظفرگڑھ میں 4 میپکو ملازمین کے خلاف بجلی چوری میں ملوث ہونے پر سزائیں دی گئیں،سزائیں پانے والے ملازمین میں 15 نوکریوں سے برخاست اور ملازمتوں سے فارغ کئے گئے،
ایک میپکو اہلکار کو ملازمت سے جبری ریٹائر کرنے کی سزا دی گئی،12 ملازمین کے موجودہ عہدوں میں تنزلی کرنے اور سٹیپ ڈاؤن کی سزائیں دیں، ایک ملازم کی ایک سالانہ انکریمنٹ روکنے اور ایک اہلکار کو الزامات سے بری الذمہ قرار دیا گیا۔