میپکو ریجن میں ایک روز میں 137بجلی چور پکڑے گئے،97کے خلاف مقدمات درج

88
mepco

ملتان۔ 18 نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر جنوبی پنجاب میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف جاری آپریشن کے دوران ایک روز میں مزید 137صارفین کوبجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیاجن میں سے 97افراد کے خلاف مقدمات درج کروادیئے گئے۔بجلی چوروں کو 82لاکھ 50ہزار روپے جرمانہ عائدکیاگیا۔

میپکو ترجمان کے مطابق میپکو ٹیموں نے تونسہ سٹی، تونسہ رورل جامپور، گلشن آباد اور ٹبی قیصرانی سب ڈویژنوں میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیا جہاں 3 ٹیوب ویلوں سمیت 19 صارفین بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑگئے۔ صارفین میٹر ٹمپرڈ، میٹر سلو کر کے، میٹر باڈی توڑ کر اور ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے۔

لیہ، کوٹ ادو اور خیر پور سادات سب ڈویژنوں میں بھی بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیاجہاں 8 افراد ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کررہے تھے۔دریں اثنا میپکو ریجن میں نادہندگان سے ایک روز میں 6کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم وصل کرلی گئی۔میپکو ٹیموں نے 44لاکھ 90ہزار واجبات کی عدم ادائیگی پر چارٹیوب ویلوں کی بجلی منقطع کرکے ٹرانسفارمرز اتارلیے۔