ملتان۔ 10 مارچ (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر رانا محمد ایوب خان کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران جنوبی پنجاب میں ایک روز میں 197 افراد بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔آپریشن کے دوران118 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کرا کے 17 بجلی چوروں کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا ۔میپکو ترجمان کے مطابق میپکو ٹیموں نے 2 لاکھ 52 ہزار یونٹس چوری کرنے پرمجموعی طورپر 88 لاکھ25 ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیاجبکہ 8 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ موقع پر وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرادیاگیا۔
دریں اثناء ایک روز میں رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے 3کروڑ7 لاکھ80 ہزار روپے سے زائد کی واجب الادا رقم وصول کر لی گئی۔میپکو ترجمان کے مطابق ملتان اور ساہیوال میں نادہندہ زرعی ٹیوب ویلوں کے خلاف آپریشن کے دوران 27 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر5 زرعی ٹیوب ویلوں کی بجلی منقطع کر دی گئی۔
ملتان سرکل کے زیر انتظام علاقوں میں 14لاکھ30ہزارروپے واجبات ادانہ کرنے پر 3ٹیوب ویلوں کے کنکشن منقطع کیے گئے۔اسی طرح ساہیوال سرکل کی عارفوالہ ڈویژن میں بھی 12لاکھ76ہزارروپے کی عدم ادائیگی پر 2کاشتکاروں کے کنکشنز منقطع کردیئے گئے۔ ملتان،رحیم یار خان اور مظفر گڑھ میں 4 لاکھ 60 ہزار روپے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر ٹرانسفارمر اترنے پر 3 نادہندہ کاشتکاروں نے بلوں کی ادائیگی کر دی۔