میپکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ، 15712بجلی چوروں کو ایک ارب رو پے جرمانہ عائد

114
Mepco

ملتان۔ 22 جنوری (اے پی پی):ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی (میپکو) کی ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف 7ستمبر سے جاری مہم میں اب تک 15 ہزار 712 بجلی چورپکڑے گئے ۔

ڈائریکٹر کمرشل اسد حماد کے مطابق جنوبی پنجاب میں بجلی چوروں کے خلاف 15 ہزار 80 مقدمات کا اندراج کروایاگیا۔ میپکو ٹیموں نے پولیس فورس کے ہمراہ آپریشن کے دوران 10ہزار 727 افراد کو بجلی چوری کرنے پر گرفتارکیاگیا۔اس کے علاوہ بجلی چوروں کی معاونت کرنے اور ملوث ہونے پر 30 میپکو ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی کی گئی۔ بجلی چوروں کو 2 کروڑ 50 لاکھ یونٹس چوری کرنے پرمجموعی طورپر ایک ارب روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیاجس میں سے تقریباً 61 کروڑ 83 لاکھ روپے جرمانہ وصول کرکے خزانے میں جمع کروادیاگیا۔

میپکوترجمان کے مطابق دیہاتوں میں بڑے پیمانے پر بجلی چوری ہونے پرضلع ڈی جی خان اور راجن پور کے نوگوایریاز میں 142 دیہاتوں کی بجلی منقطع کی گئی جبکہ ضلع رحیم یار خان کے زیر انتظام 279 دیہاتوں /گاو ں کی بجلی منقطع کرکے ٹرانسفارمرز اور جمپرز اتارے گئے۔دریں اثنا میپکوریجن میں ماہ جنوری میں 28 ہزار 414 نادہندگان سے 46 کروڑ 32 لاکھ روپے وصول کر لئے گئے۔ نادہندگان میں 25 ہزار 664 گھریلو ڈیفالٹرز سے 29 کروڑ روپے سے زائد واجبات وصول کیے گئے ۔

ایک ہزار 876 نادہندہ تاجروں سے2 کروڑ 68 لاکھ 40 ہزار روپے اور 182 ڈیفالٹر صنعتکاروں سے 5 کروڑ 90 لاکھ روپے وصول گئے جبکہ 656 نادہندہ زرعی ٹیوب ویلوں سے 8 کروڑ 57 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی۔