ملتان۔ 21 فروری (اے پی پی):میپکو ریجن میں نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران جنوبی پنجاب میں ایک روز میں 97 افراد بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے جن کے خلاف مختلف پولیس سٹیشنوں میں 53نئے مقدمات درج کرادیئے گئے۔ میپکو ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران 8بجلی چوروں کو مو قع سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑاگیا جبکہ بجلی چوروں کو مجموعی طورپر 62 لاکھ 26 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
دریں اثناء میپکو ریجن میں ایک روز میں رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے 2 کروڑ 86 لاکھ 60 ہزار روپے وصول کر لئے گئے۔میپکو ترجمان کے مطابق 11 لاکھ 60 ہزار روپے واجبات ادا نہ کرنے پر 3 زرعی ٹیوب ویل صارفین کے کنکشنز منقطع کر دئیے گئے۔ بہاولپور میں 2 اور رحیم یار خان میں ایک نادہندہ کاشتکار کے بجلی میٹرز اور ٹرانسفارمرز اُتارے گئے۔
مظفر گڑھ میں ایک نادہندہ ٹیوب ویل صارف نے کنکشن منقطع ہونے پر ایک لاکھ 10 ہزارروپے واجبات ادا کر دئیے۔ تونسہ میں مستقل نادہندہ آئس فیکٹری سے 28 لاکھ 91 ہزارروپے وصول کر لئے۔ میسرز الیاس آئس فیکٹری تونسہ نے کنکشن منقطع ہونے اور ٹرانسفارمر اترنے کے باوجود 5 ماہ سے واجبات ادا نہیں کئے تھے۔