میپکو ر کی بجلی چوروں کے خلاف مہم ،20ہزار122بجلی چور پکڑے گئے،19ہزار482مقدمات درج

67
Mepco

ملتان۔ 18 مارچ (اے پی پی):ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی ( میپکو)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر رانا محمد ایوب خان کی ہدایت پرریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران 7 ستمبر سے جاری مہم میں ابتک 20 ہزار 122 بجلی چورپکڑے گئے جن کے خلاف جنوبی پنجاب کے مختلف پولیس سٹیشنوں میں 19 ہزار 482 مقدمات کا اندراج کروایاگیا۔

ڈائریکٹر کمرشل میپکو اسد حماد کے مطابق آپریشن کے دوران میپکو ٹیموں نے پولیس فورس کے ہمراہ آپریشن کے دوران 13 ہزار 992 افراد کو بجلی چوری کرنے پرموقع سے گرفتارکیاگیا۔میپکو ٹیموں نے بجلی چوروں کو 3 کروڑ 17 لاکھ یونٹس چوری کرنے پر ایک ارب 28 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ عائد کرکے 75 کروڑ 24 لاکھ روپے جرمانہ وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرادیا۔ اس کے علاوہ میپکو ٹیموں نے ڈی جی خان اور رحیم یار خان سرکلوں کے زیر انتظام علاقوں میں گرینڈ آپریشن میں 296 دیہاتوں میں بجلی چوری پکڑلی۔

ضلع ڈی جی خان اور راجن پور کے نوگوایریاز میں 118 دیہاتوں جبکہ ضلع رحیم یار خان کے زیر انتظام 178 دیہاتوں /گاو ں کی بجلی منقطع کرکے ٹرانسفارمرز اور جمپرز اتارلیے گئے۔ دریں اثنا جنوبی پنجاب میں نادہندگان کے خلاف آپریشن مہم میں یکم مارچ سے اب تک ڈیفالٹرز سے 35 کروڑ 20 لاکھ وصول کر لئے گئے۔میپکو ترجمان کے مطابق میپکو انتظامیہ نے بجلی چوروں کی معاونت کرنے اور ملوث ہونے پر 30 میپکو ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے 15ملازمین کوملازمت سے فارغ کردیا جبکہ ایک میپکو اہلکار کو جبری ریٹائرکرنے کی سزا دی۔

اس کے علاوہ 12 ملازمین کے موجودہ عہدوں میں تنزلی کرنے اور سٹیپ ڈاون کی سزائیں دیں۔ ایک ملازم کی ایک سالانہ انکریمنٹ روکنے جبکہ ایک اہلکار کو الزامات سے بری الذمہ قرار دیا گیا۔