میپکو سیفٹی سیل کی ٹیم کے زیراہتمام پاک گیٹ سب ڈویژن میں سیمینار و پریڈ کا انعقاد

34

ملتان ۔ 12 جون (اے پی پی):سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ملتان سرکل امجد نوازبھٹی کی ہدایت پر سیفٹی سیل کی ٹیم نے پاک گیٹ سب ڈویژن میں سیفٹی سیمینار و پریڈ کا انعقادکیا۔ ایڈیشنل ایکسین سیفٹی میپکو ملتان سرکل تاج محمود قمرکی نگرانی میں سیفٹی انسپکٹر سجاد قیصر بھٹہ نے لائن سٹاف کی قیمتی جانیں محفوظ بنانے کے لئے ٹی اینڈ پی/پی پی ای پریڈ کروائی۔ لائن سٹاف کو مکمل اور قابل استعمال حفاظتی سامان اور ٹولز اینڈ پلانٹس فراہم کئے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ سٹاف کو حفاظتی تدابیر سے متعلق ایک تفصیلی لیکچر بھی دیا ،جس میں ایس ڈی اوپاک گیٹ سب ڈویژن اور لائن سپرنٹنڈنٹ بھی موجود تھے۔

سیفٹی انسپکٹر نے لیکچر کے دوران سٹاف کو ہائی وولٹیج ڈیٹیکٹر اور گراؤنڈنگ/ارتھنگ سیٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا اور ان کے درست استعمال کے عملی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ مزید برآں میپکو میں حالیہ پیش آنے والے ایک حادثے کا ذکر کرتے ہوئے عملے کو اس سے سبق سیکھنے کی تلقین کی تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔سیفٹی انسٹرکٹر سجاد قیصر بھٹہ نے کہا کہ لائن اسٹاف کی جان کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور تمام ملازمین کو ہر کام سے پہلے سیفٹی کو یقینی بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سیفٹی کلچر کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔