میپکو نے ریجن بھر میں 15ہزار سے زائد خراب،جلنے والے سنگل فیز میٹرز تبدیل کرنے کے احکامات جاری کردئیے،ترجمان

87

ملتان ۔ 23 مئی (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد نے ریجن بھر میں 15ہزار سے زائد خراب ،جلنے والے سنگل فیز میٹرز تبدیل کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ میپکوصارفین کو درست ریڈنگ اور بلنگ کے لئے خراب شدہ میٹرز کی فوری تبدیلی کا عمل جاری ہے،2025ء تک فنی وجوہات کی بناء پر خراب ہونے والے 15ہزار387 میٹرز کی جگہ نئے سنگل فیز سٹیٹک میٹرز نصب کئے جا رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق متعلقہ سرکلز کو درکار مقدار کے مطابق میٹرز الاٹ کر دئیے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر میٹریل مینجمنٹ میپکو ملک جاوید اقبال وینس کی جانب سے جاری ہونے والی ایلوکیشن کے مطابق اپریل کے مہینے کے لئے سی پی 90کے تحت ایک ماہ سے زائد مدت کے خراب میٹرز تبدیل کئے جارہے ہیں

ان سرکلوں میں ملتان سرکل کو 3109میٹرز، ڈی جی خان سرکل کو 2135، بہاولپور سرکل کو 2773، رحیم یار خان سرکل کو 1097، مظفرگڑھ سرکل کو 3536اور خانیوال سرکل کو 2972سنگل فیز سٹیٹک میٹرز الاٹ کئے گئے ہیں۔یہ میٹرز متعلقہ سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز آپریشن کو ان کے دائرہ کار میں موجود سٹورز سے فراہم کئے جائیں گے تاکہ خراب میٹروں کی بروقت تبدیلی ممکن بنائی جا سکے۔ایس ایز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس تمام عمل کی نگرانی کریں تاکہ فراہمی اور تنصیب کا عمل مؤثر اور شفاف رہے،میٹرزتبدیل کرواکر رپورٹ ہیڈ کوارٹر بھجوائی جائے۔