ملتان۔ 07 مارچ (اے پی پی):ملتان پاورکمپنی (میپکو) ریجن میں رمضان المبارک کے دوران بھی ڈسکوسپورٹ یونٹ میں شامل فورسز کے ہمراہ بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ واپڈا ٹاؤن، شاہ رکن عالم، بوریوالہ /پاکپتن میں بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کروادئیے گئے۔ بوسن روڈملتان/اللہ آباد رحیم یار خان/سوئی والا بہاولپور/لڈن وہاڑی/بہاولنگر فرسٹ سب ڈویژنوں میں ایک کروڑ60لاکھ روپے واجبات کے نادہندگان کے میٹرز،ٹرانسفارمرز اور تاریں اُتارلیں۔سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ملتان سرکل سید محمد مبشررضوی اور ونگ کمانڈر رینجرز کی زیرنگرانی ایکسین موسیٰ پاک ڈویژن غلام محی الدین میتلا اور ایس ڈی او بوسن روڈسب ڈویژن کی سربراہی میں ٹیم نے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اور اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔ میپکو/رینجرز/پولیس فورس نے6لاکھ70ہزار روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر متعدد ڈیفالٹرز کے ٹرانسفارمرز اورمیٹرزاُتارلئے جبکہ چیکنگ کے دوران10افرادکو ڈائریکٹ ایل ٹی لائنوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑلیا جن کی بجلی تنصیبات اُتارلی گئیں اور مقدمات کے اندراج کے لئے درخواستیں متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں بھجوادی گئیں۔
سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکورحیم یار خان سرکل رفیق کنول اور ونگ کمانڈر رینجرز کی زیرنگرانی ایکسین لیاقت پورڈویژن اور ایس ڈی اواللہ آباد سب ڈویژن کی سربراہی میں ٹیم نے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔ میپکو/رینجرز/پولیس فورس نے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران 13افراد کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا جبکہ بجلی چوری کے سدباب کے لئے ایک ایل ٹی لائن بھی اُتارلی۔ بجلی چوروں کو 3لاکھ64ہزاریونٹس جرمانہ عائدکیاگیا اور متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں 13مقدمات درج کروانے کے لئے درخواستیں بھیج دیں۔ نادہندگان کے خلاف آپریشن میں 2لاکھ50ہزارروپے واجبات ادانہ کرنے پر اور چوری میں استعمال ہونے والے 7نادہندگان کے کنکشنز منقطع کرکے میٹرزاُتار لئے گئے۔سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکوبہاولپور سرکل محمد ثاقب اور ونگ کمانڈر رینجرز کی زیرنگرانی ایکسین لودہراں ڈویژن قمر زمان اور ایس ڈی اوسوئی والا سب ڈویژن کی سربراہی میں ٹیم نے مختلف علاقوں میں نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔
میپکو/رینجرز/پولیس فورس نے بستی کنڈی، چک 90/M، چک 91/M، بستی جھوک اتیرا، بستی خانواہ گھلواں، بستی حیات پور خانواہ جنوبی اور کھوہ غلام محمد میں ایک کروڑروپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر 8ٹرانسفارمرز، 2مقامات سے ایل ٹی لائنیں اور 6تھری فیز میٹرز اُتارلئے۔سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکووہاڑی سرکل وسیم اختر اور ونگ کمانڈر رینجرز کی زیرنگرانی ایکسین وہاڑی ڈویژن عمار صدیقی اور ایس ڈی اولڈن سب ڈویژن ظفر اقبال کی سربراہی میں ٹیم نے مختلف علاقوں میں نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔ میپکو/رینجرز/پولیس فورس نے 46لاکھ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر4ٹرانسفارمرز اور8سنگل/تھری فیز میٹرز اُتارلئے جبکہ آپریشن کے دوران ڈیفالٹرز سے 4لاکھ10ہزارروپے موقع پر وصول کئے گئے۔سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکوبہاولنگر سرکل خالد حسین سیال اور ونگ کمانڈر رینجرز کی زیرنگرانی ایکسین بہاولنگر ڈویژن ثناء اللہ ظفر اور ایس ڈی اوفرسٹ سب ڈویژن بہاولنگرعبیداللہ کی سربراہی میں ٹیم نے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔
میپکو/رینجرز/پولیس فورس نے خادم آباد، مدنی کالونی، کالج روڈاور امیر کوٹ میں 2لاکھ روپے کے سابقہ بل ادانہ کرنے پر 14سنگل/تھری فیز میٹرز اُتارلئے جبکہ آپریشن کے دوران رننگ اور ڈیڈڈیفالٹرز سے 2لاکھ50ہزارروپے موقع پر وصول کئے گئے۔