ملتان۔ 16 مارچ (اے پی پی):ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی(میپکو) کی بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔ترجمان میپکو کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر رانا محمد ایوب خان کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران جنوبی پنجاب میں ایک روز میں 155 افراد بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے جنہیں 2 لاکھ 40 ہزار یونٹس چوری کرنے پر 74 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔
میپکو ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران 91 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کراکے 17 بجلی چوروں کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا ۔دریں اثناءایک روز میں رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے 2 کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد کی واجب الادا رقم وصول کرلی گئی۔ انہو ں نے مزید بتایا کہ ملتان میں نادہندہ زرعی ٹیوب ویلوں کے خلاف آپریشن کے دوران 2 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر ملتان کے مختلف علاقوں میں 2 زرعی ٹیوب ویلوں کی بجلی منقطع کردی گئی جبکہ رحیم یار خان اور مظفر گڑھ میں 4 لاکھ 60 ہزار روپے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر ٹرانسفارمر اترنے پر 3 نادہندہ کاشتکاروں نے بلوں کی ادائیگی کر دی