ملتان۔ 31 مارچ (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر رانا محمد ایوب خان کی ہدایت پر جنوبی پنجاب میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کے دوران میپکو ٹیموں نے ایک روز میں 97 افراد کو مختلف طریقوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا ۔
میپکو ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران بجلی چوروں کو 35 لاکھ 31 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد، 4 لاکھ 36 ہزار روپے جرمانہ موقع پر وصول کر لیا ۔ احمد پور لمہ سب ڈویژن صادق آباد کی ٹیموں نے 4 افراد کو ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ ایکسین صادق آباد کی سربراہی میں ٹیم نے بجلی چوری میں استعمال ہونے والی تاریں اتار لیں۔بجلی چورو ں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لیے متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں درخواستیں بھجوا دی گئیں۔
دریں اثناءمیپکو ٹیموں نے نادہندگان سے ایک روز میں 3 کروڑ 57 لاکھ روپے وصول کرلیے۔ جنوبی پنجاب میں نادہندہ زرعی ٹیوب ویلوں کے خلاف آپریشن میں 52 لاکھ 20 ہزار روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 10 نادہندہ کاشتکاروں کی بجلی منقطع کر دی گئی ۔ ملتان میں 5 لاکھ 20 ہزار روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر ایک اور بہاولپور میں 47 لاکھ روپے کی عدم ادائیگی پر 9 زرعی ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمرز اور میٹرز اتار لئے گئے۔