میپکو کا بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ، 95 مقدمات درج

میپکو کا بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ، 95 مقدمات درج

155
mepco

ملتان ۔ 17 اگست (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر ناصر ایاز گرمانی کی زیر نگرانی بجلی چوروں اور نادہندہ صارفین کے خلاف جاری آپریشن میں ایک روز میں مزید 140 افراد بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے،95 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے۔میپکو ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کو مجموعی طور پر 87 لاکھ 40 ہزار روپے جرمانہ عائد جبکہ 14 لاکھ روپے جرمانہ موقع پر وصول کر لئے گئے۔سپرنٹنڈنگ انجینئرنگ میپکو ملتان سرکل امجد نواز بھٹی کی سربراہی میں مختلف علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کئے گئے۔

ایکسین موسیٰ پاک ڈویژن غلام محی الدین میتلا کی سربراہی میں بوسن روڈ سب ڈویژن کے میٹر انسپکٹر نے علی الصبح چیکنگ کر کے ٹیوب ویل پر بجلی چوری پکڑ لی۔مستقل نادہندہ صارف ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری پکڑنے پر مشتعل ہو گیا۔سب ڈویژنل سٹاف کو بجلی چور راشد عباس کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ بجلی چور کو 37 ہزار سے زائد یونٹس کی ڈیٹیکشن ڈالی گئی ہے۔بستی کھوہ جھوک وینس میں 4 افراد ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔بجلی چوروں کے خلاف متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات درج کروا دئیے گئے۔ رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے ایک روز میں 3 کروڑ 40 لاکھ روپے وصول کئے گئے۔ نادہندگان کے میٹرز اور ٹرانسفارمرز بھی اتار لئے گئے۔