ملتان۔ 08 مارچ (اے پی پی):ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی (میپکو)کا بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران جنوبی پنجاب میں ایک روز میں 206 افراد بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ مجموعی طور پر 2 لاکھ 64 ہزار یونٹس چوری کرنے پر ایک کروڑ 8 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔ 8 لاکھ 77 ہزار روپے سے زائد جرمانہ موقع پر ہی وصول کیا گیا۔ 90 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کر کے 12 بجلی چوروں کو گرفتار کر لیا گیا ۔ایس ڈی او گلبرگ سب ڈویژن ملتان کی سربراہی میں ٹیم نے پلاسٹک فیکٹری میں بجلی چوری پکڑ لی۔
شریف پورہ کی سٹریٹ نمبر 24 میں پکڑی گی پلاسٹک فیکٹری کو 8 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ میپکو فاضل پور سب ڈویژن ڈی جی خان کی ٹیموں نے 4 افراد کو بڑے پیمانے پر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔بستی حضرت والا میں اظہر عباس انڈر گراونڈ تار کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ بستی کوٹلہ ربائیت میں اعجاز احمد اور خادم حسین پی وی سی سے ڈائریکٹ تاریں لگا کر بھاری لوڈ کے ساتھ بجلی چوری کرتے پکڑے گئے۔
ایس ڈی او فاضل پور سب ڈویژن ڈی جی خان کی سربراہی میں میپکو ٹیم نے فاضل پور میں بجلی چوروں کے زیر استعمال تاریں اتار کر قبضہ میں لے لیں ۔ بجلی چوروں کو مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ۔ ایک روز میں رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے 4 کروڑ 90 لاکھ 70 ہزار روپے سے زائد کی واجب الادا رقم وصول کر لی گئی۔