میپکو کی جنوبی پنجاب میں کارروائیاں، 59 بجلی چوروں کو 60 لاکھ 30ہزار روپے جرمانہ

129
میپکو

ملتان۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی ہدایت پر ملک بھر کی طرح میپکوریجن میں بھی بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔اس سلسلہ میں ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو)اور پولیس ٹیموں نے جنوبی پنجاب میں پیر کو مشترکہ کارروائیوں کے دوران 59بجلی چوروں کو 60 لاکھ30ہزارروپے جرمانہ عائد کیا،مذکورہ بجلی چوروں میں سے 36 کے خلاف مقدمات کا اندراج ہوا جس میں سے دوافراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے،ریجن بھر میں ایک لاکھ30ہزاریونٹس کی چوری میں 54گھریلو صارفین ،دو کمرشل،دوزرعی ٹیوب ویل صارفین اور ایک صنعتی صارف بجلی چوری میں ملوث پایاگیا۔

تفصیلات کے مطابق ملتان سرکل میں پانچ بجلی چوروں کو1350000روپے جرمانہ عائد کر کے دو کے خلاف مقدمات درج ہوئے۔ڈی جی خان سرکل میں 12 صارفین کو 690000روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 12 کے خلاف مقدمات کا اندراج ہوا جبکہ دو بجلی چور گرفتار ہوئے۔ وہاڑی سرکل میں چار صارفین کو210000 روپے جرمانہ عائداور2مقدمات درج ہوئے۔بہاولپور سرکل میں 8صارفین کو530000روپے جرمانہ عائداور7 مقدمات درج،ساہیوال سرکل میں 6صارفین کو380000 روپے جرمانہ عائد،رحیم یار خان سرکل میں 9صارفین کو210000 روپے جرمانہ عائد اور9مقدمات درج،مظفرگڑھ سرکل میں 2صارفین کو90000 روپے جرمانہ عائداور2مقدمات درج،بہاولنگر سرکل میں ایک صارف کو30000روپے جرمانہ عائد کیا اورایک مقدمہ درج،خانیوال سرکل میں 12صارفین کو2540000 روپے جرمانہ عائد کیا اورایک ایف آئی آرکا اندراج ہوا۔میپکو علی پورسادات سب ڈویژن کے علاقہ بستی بلوچاں میں سرویلنس ٹیم پر بجلی چور خان محمد یوسف، حافظ خیر محمداور10نامعلوم افراد نے حملہ کردیا۔چیکنگ کے دوران مذکورہ صارفین میٹر ریورس کرکے بجلی چوری کررہے تھے۔

سرویلنس ٹیم کے میٹراُتارنے پر ملزمان نے مارنا پیٹنا شروع کردیا اور میٹرانسپکٹر محمد حنیف کو گریبان سے پکڑ کر گھسیٹتے رہے جس سے وہ زخمی ہوگیا۔ اہل علاقہ کے مداخلت کرنے پر میپکو ٹیم کے ارکان کو رہائی ملی۔زخمی اہلکار کو ٹی ایچ کیو جلال پور پیروالہ منتقل کیاگیا۔ ایس ڈی او علی پور سادات سب ڈویژن کی درخواست پر تھانہ روہیلانوالی میں مقدمہ درج کرلیاگیاہے۔رحیم آبادسب ڈویژن صادق آباد کی بستی شمشیر سدوانی کے کچے کے علاقہ میں نادہندگان اوربجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیاگیا۔

بستی میں 14گھروں میں صرف 4صارفین میٹر سے بجلی استعمال کررہے تھے جبکہ 10افراد ڈائریکٹ تاریں لگاکر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ میپکو ٹیم نے بجلی چوری کی روک تھام کے لئے بستی میں نصب 25 کے وی اے کا ٹرانسفارمراُتارلیا اور مقدمات کے اندراج کے لئے متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں درخواستیں دیدی گئی ہیں۔ دریں اثناء رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف جنوبی پنجاب میں آپریشن کے دوران ایک روز میں گھریلو، کمرشل، صنعتی اور زرعی ٹیوب ویل ڈیفالٹرز سے دو کروڑ17لاکھ60ہزارروپے وصول کیے گئے۔