ملتان۔ 20 مارچ (اے پی پی):میپکو نے جنوبی پنجاب میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 9 مقدمات درج کرا دیئے۔ میپکو ترجمان کے مطابق میپکو خان گڑھ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں 4 زرعی ٹیوب ویل صارفین کو ڈائریکٹ تاروں اور ٹرانسفارمر کے بشز سے تاریں جوڑ کر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا۔زرعی میٹرز محمد ابراہیم، کالو، محمد علی اور شمشاد کے نام سے نصب تھے۔ میپکو کوٹ ادو ڈویژن کے علاقوں میں بھی4صارفین عبدالقدوس، محمد صابر، محمد اشرف اور راشد منہاس ڈائریکٹ تاریں لگا کر زرعی استعمال اور فش فارمز کے لیے بجلی چوری کررہے تھے۔
صارف راشد منہاس ٹرانسفارمر سے غیرقانونی چھیڑ چھاڑ میں بھی ملوث پایاگیا۔ میپکو ترجمان نےبتایا کہ میپکو لیہ ڈویژن کی ٹیم نے نوشہرہ نشیب کے علاقہ میں ایک زرعی صارف ملک عرفان سامٹیہ زرعی میٹر میں لوپ لگا کر اپنی زمینیں سیراب کررہاتھا اور قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا رہاتھا۔ میپکو ٹیموں نے بجلی چوری میں ملوث تمام افراد کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں دے دی ہیں جبکہ بجلی چوروں کو لاکھوں روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔میپکو ٹیموں نے بجلی چوری میں استعمال ہونے والی تاریں، سائٹس سے میٹرز اور ٹرانسفارمرز اتار کر اپنے قبضے میں لے لیے۔
اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو رانا محمد ایوب نے کہاکہ میپکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔انہوں نے میپکو افسران کوہدایت کی کہ وہ کسی بھی بجلی چور کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتیں۔ سی ای او میپکونے کہا کہ بجلی چوروں کو عائد کردہ جرمانہ وصول کیا جائے اور مقدمات کا اندراج کروا کر بجلی چوروں کی گرفتاریوں کے لئے متعلقہ پولیس حکام سے رابطہ کیا جائے۔