ملتان۔ 11 نومبر (اے پی پی):ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف جاری آپریشن کے دوران ایک دن میں 93صارفین کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑلیا ۔میپکوترجمان کے مطابق بجلی چوری پر73 مقدمات درج کروا کر 8بجلی چوروں کو موقع پر گرفتارکرلیا گیا ۔ بجلی چوروں کو 59لاکھ 30ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا جبکہ 12لاکھ 40ہزار روپے موقع پر وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرادیئے گئے۔
میپکو ٹیموں نے جام پورکے گلشن آباد بخار ا فیڈر میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2ایل ٹی لائنیں اتارلیں ۔اربن سب ڈویژن لودھراں میں 2منی ٹیوب ویلوں سمیت 7افراد ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرتے ہوئے پائے گئے ۔دریں اثنامیپکو ٹیموں نے ایک دن میں نادہندگان سے واجبات وصول کرنے کے لیے آپریشن کرتے ہوئے 4کروڑ روپے سے زیادہ کی ریکوری کی۔