22.1 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومقومی خبریںافرادی قوت میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت ناگزیر ہے ،...

افرادی قوت میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت ناگزیر ہے ، خاتون اول بیگم ثمینہ علوی

- Advertisement -

کراچی۔2دسمبر (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نےکہا ہے کہ افرادی قوت میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنانے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں۔ کراچی پریس کلب میں پروفیسر شاہدہ قاضی ویمن کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مرکزی دھارے کی اقتصادی سرگرمیوں میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کیلئے خواتین خصوصاً خواتین صحافیوں کو کام کی جگہ پر ایک سازگار اور دوستانہ ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔

بیگم ثمینہ عارف علوی نے شاہدہ قاضی ویمن کمپلیکس کا افتتاح کیا جہاں پر خواتین کیلئے ڈے کیئر کی سہولت، جم، ورک اسٹیشن، ریسٹ رومز، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور تفریح کی سہولیات میسر ہوں گی۔ افتتاحی تقریب میں کرچی پریس کلب کے صدر سعید احمد سربازی، پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کراچی کی ڈائریکٹر جنرل ارم تنویر، سیکریٹری پریس کلب، شعیب احمد، گوہر گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین، محمد حنیف گوہر اور کراچی پریس کلب کے ممبران نے بھی شرکت کی۔

- Advertisement -

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیگم ثمینہ علوی نے میڈیا بالخصوص خواتین صحافیوں پر زور دیا کہ وہ خواتین کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین صحافی ایک منفرد صحافتی نقطہ نظر کی بدولت اپنے اداروں کیلئے ایک اثاثہ ثابت ہو سکتی ہیں اور ملک میں خواتین کو درپیش مختلف مسائل کو مؤثر طریقے سے اجاگر کر سکتی ہیں۔خاتون اول نے کراچی پریس کلب میں پہلے خواتین کے کمپلیکس کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے کام کرنے والی خواتین کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ اپنے خاندانوں کی دیکھ بھال میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے مرکزی دھارے کی اقتصادی سرگرمیوں میں خواتین کی شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے ہراسیت سے پاک کام کے ماحول کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین ملک کی آبادی کا تقریباً نصف حصہ ہیں اور افرادی قوت میں ان کی شمولیت کے بغیر ملک کی ترقی ناممکن ہے۔بیگم علوی نے کہا کہ میڈیا کو اہم سماجی و اقتصادی مسائل بشمول بریسٹ کینسر، معذور افراد کے حقوق اور معاونت اور ذہنی صحت اور تندرستی کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے تعاون کی وجہ سے چھاتی کے کینسر سے متعلق ان کی آگاہی مہم کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور ملک کے مختلف ہسپتالوں میں چھاتی کے کینسر کے ابتدائی مرحلے کے کیسز کی رپورٹنگ میں بہتری دیکھی گئی ہے۔

بیگم ثمینہ علوی نے اس امر کو بھی سراہا کہ کمپلیکس پروفیسر شاہدہ قاضی کے نام پر قائم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سہولیات ، خصوصاً کام کی جگہوں پر ڈے کیئر سینٹرز کا قیام، خواتین کی پیشہ ورانہ زندگی میں حوصلہ افزائی کیلئے ضروری ہیں۔سیکرٹری پریس کلب شعیب احمد نے کہا کہ کمپلیکس کا قیام پاکستان خصوصاً صحافت کے شعبے میں خواتین کی ترقی کیلئے درست سمت میں ایک چھوٹا لیکن اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی سی کی خواتین ممبران کے مطالبے پر علیحدہ جگہ بنانے سے خواتین صحافیوں کی حوصلہ افزائی میں بھی مدد ملے گی۔ارم تنویر نے کراچی پریس کلب کو پاکستان خواتین کیلئے کمپلیکس کی تعمیر کرنے والے پہلے پریس کلب ہونے پر سراہا اور کہا کہ اس سے خواتین کو حوصلہ افزائی اور سہولت ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کمپلیکس صحافت کے شعبے میں تنوع اور شمولیت کو یقینی بنائے گا۔اس موقع پر بیگم ثمینہ عارف علوی کو کراچی پریس کلب کے صدر نے کلب کی تاحیات رکنیت بھی پیش کی ۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415859

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں