میڈیا ریاست کا مضبوط پلر ہے، میڈیا ورکرز اور ورکنگ جرنلسٹس کی ہیلتھ انشورنس کیلئے بجٹ میں ایک ارب روپے کی رقم کا مختص ہونا میڈیا کے لئے بڑی خوشخبری ہے، وفاقی سیکرٹری اطلاعات

128

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات سہیل علی خان نے کہا ہے کہ میڈیا ریاست کا مضبوط پلر ہے، وفاقی بجٹ میں میڈیا ورکرز اور ورکنگ جرنلسٹس کی ہیلتھ انشورنس کے لئے ایک ارب روپے مختص ہونا میڈیا کے لئے بڑی خوشخبری ہے، پاکستان میں میڈیا آزاد ہے جس کا عالمی سطح پر بھی اعتراف کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن (اے پی این ای سی) کی نومنتخب کابینہ اور وزارت کے اعلیٰ افسران کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ میڈیا ورکرز کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ورکرز کی کم سے کم تنخواہ میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ عشائیہ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل آئی پی ونگ منظور علی میمن، منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی محمد عاصم کھچی، پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) مبشر حسن، جوائنٹ سیکرٹری ارشد منیر، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل طاہرہ سعیدہ، ڈائریکٹر میڈیا شہاب خان، ڈائریکٹر پریس ملک مقرب نے شرکت کی۔

ایپنک پاکستان کے نومنتخب چیئرمین محمد صدیق انظر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں میڈیا کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ عشائیہ تقریب میں مرکزی ایپنک کی اسلام آباد کے راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے نومنتخب عہدیداران کلیم شمیم، سید مجتبیٰ رضوان، اظہر سلطان، شیراز خان، عابد چوہدری، راجہ جاوید خان، باقر بھٹی، محمد واصف، آر آئی یو جے کے صدر شکیل احمد، سید اکرام بخاری اور عمران اشرف نے شرکت کی۔