اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سچائی، شفافیت اور جمہوریت کے فروغ کے لئے ملک بھر میں میڈیا تنظیموں، صحافیوں اور پریس ایسوسی ایشنز کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے جمہوریت کے تحفظ اور معاشرے کے اندر احتساب کو فروغ دینے میں میڈیا کے اہم کردار کا اعتراف کیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے عالمی دن کے موقع پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ذمہ دار انہ صحافت نہ صرف عوام کو درست، قابل اعتماد اور بروقت معلومات فراہم کرتی ہے بلکہ جمہوری عمل میں ان کی شرکت کو بھی یقینی بناتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا عوام کی آواز کے طور پر کام کرتا ہے، ان کے تحفظات کو اقتدار کی راہداریوں تک پہنچاتا ہے ۔
انہوں نے سچائی، انصاف اور مساوات کے اصولوں کو برقرار رکھنے میں صحافت کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور جعلی خبروں کا مقابلہ کرنے کے بڑھتے ہوئے چیلنج کو اجاگر کرتے ہوئے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ حقائق پر مبنی غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کو یقینی بنا کر اپنا فرض پورا کریں۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو حقائق پر مبنی اور غیر جانبدارانہ خبروں کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔
سردار ایاز صادق نے مشکل اور خطرناک حالات میں حقائق سے پردہ اٹھانے کے لیے کام کرنے والے صحافیوں کی قربانیوں اور لگن کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے آزاد اور خود مختار میڈیا ضروری ہے۔
انہوں نے عوامی آگاہی کے لیے اپنی جانیں خطرے میں ڈالنے والے صحافیوں کو سلام پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے آزاد میڈیا ضروری ہے ،قومی اسمبلی آزادی اظہار کا تحفظ جاری رکھے گی۔