میڈیا میں الیکشن کمیشن بالخصوص چیف الیکشن کمشنر بارے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کا مبینہ بیان حقائق کے منافی ہے، ترجمان الیکشن کمیشن

118
الیکشن کمیشن کسی قسم کے ہتھکنڈوں سے دبائو میں نہیں آئے گا اور آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیتا رہے گا، ترجمان الیکشن کمیشن

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میڈیا میں الیکشن کمیشن بالخصوص چیف الیکشن کمشنر کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کے مبینہ بیان کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن جیسے آئینی ادارے کو ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے دبائو میں نہیں لایا جاسکتا ، الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات آئین و قانون کے تحت منصفانہ اور شفاف کرانے کو یقینی بنائے گا۔ جمعہ کو ترجمان الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں چیف الیکشن کمشنر کے حوالے سے بالخصوص اور الیکشن کمیشن کے حوالے سے بالعموم گردش کرنے والا پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کا مبینہ بیان بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے ۔

مذکورہ پارٹی کو یاد رکھنا چاہئے کہ 17 جولائی اور 16 اکتوبر 2022 کے ضمنی انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان کی غیر جانبداری مثالی تھی اور الیکشن کمیشن نے انتخابی شفافیت کا ثبوت اپنے عمل سے پیش کیا۔ ضمنی انتخابات کی شفافیت کو ہر سطح پر سراہا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ مذکورہ پارٹی کو یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر نہ ان کے اپنے دور حکومت میں کسی دباؤ میں آئے اور نہ موجودہ اور آئندہ آئے گا۔

الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر صرف آئین و قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں بغیر کسی دبائو اور بلا خوف و خطر سرانجام دیتا رہے گا۔ایسے وقت میں جب افہام و تفہیم سے عام انتخابات کی تاریخ مقرر کی گئی ہے ایسا بیان ماحول کو خراب کرنے کی ناکام کوشش ہے ۔ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن جیسے آئینی ادارے کو ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے دبائو میں نہیں لایا جاسکتا ،بہتر ہے کہ مذکورہ پارٹی چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن پر الزامات لگانے کی بجائے اپنی توجہ عام انتخابات کی تیاری پر مرکوز کرے اور یاد رکھے کہ آنے والے انتخابات میں نہ تو الیکشن کمیشن اور نہ ہی چیف الیکشن کمشنر کسی پارٹی کے دباؤ میں آئے گا اور آئندہ انتخابات آئین اور قانون کے تحت منصفانہ اور شفاف کرانے کو یقینی بنائے گا۔