فیصل آباد۔ 25 نومبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈفیصل آبادنے میڈیکل سٹورز اور ان کوالیفائیڈ افراد کی طرف سے چلائے جانیوالے میڈیکل کلینکس کیخلاف محکمانہ کارروائی کے25کیسز میں قصورواروں کا مؤقف سنا۔
بورڈ نے مستند جواز پیش نہ کرنے پر11کیسز کو ڈرگ کورٹ ریفر کرنے، 11کو وارننگ دینے کے علاوہ 3کیسز کوریکارڈ مکمل نہ ہونے پر مؤخر کردیا۔ ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹرز)قیصر جاویدکی زیرصدارت ڈی سی آفس میں منعقد ہواجس میں سی ای او ہیلتھ فیصل آباد ڈاکٹر اسفند یار،سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈروبینہ اختر،ممبران کیپٹن(ر)ڈاکٹرمحمدصدیق، غلام صابر،ڈرگ کنٹرولر محمد محسن اصغراورڈرگ انسپکٹرز موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرہیڈ کوارٹرزنے کہا کہ ضلع فیصل آباد میں جعلی وغیر معیاری ادویات کی فروخت کے گھناؤنے دھندے کے قلع قمع کیلئے ڈرگ انسپکٹرزاپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اورعلاج کے نام پر انسانی صحت سے کھیلنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتیں۔اجلاس میں سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ نے کیسز کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔