روم ۔29مئی (اے پی پی):میکسیکو کے سائیکلسٹ آئزک ڈیل ٹورونے گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا 17واں مرحلہ جیت لیا۔21 سالہ آئزک ڈیل ٹورو کی یہ گیروڈی اٹالیہ ریس میں پہلی سٹیج فتح ہے۔ البانیہ سے گیرو ڈی اٹالیہ کا 108 واں ایڈیشن جاری ہے جس میں سائیکلنگ کی دنیا کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔
گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے 17ویں مرحلے میں سائیکل سواروں نے سان مشیل آل اڈیج سے بورمیو تک کا فاصلہ طے کرنا تھا جو پہاڑی راستے پر 155 کلو میٹر پر محیط تھا۔میکسیکو کے 21سالہ آئزک ڈیل ٹورو نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 155کلومیٹر کا فاصلہ 3گھنٹے 58 منٹ اور 48 سیکنڈز میں طے کرکے 17ویں مرحلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ 34 سالہ فرانسیسی سائیکل سوار رومین بارڈیٹ نے دوسری جبکہ ایکواڈور کے 31 سالہ سائیکل سوار رچرڈ کاراپاز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ریس میں میکسیکوکے سائیکل سوار آئزک ڈیل ٹورو کا پنک جرسی پر قبضہ برقرار ہے ۔
انہوں نے ریس کے نویں مرحلے سےپنک جرسی حاصل کی ہوئی ہے۔گیرو ڈی اٹالیہ ایک گرینڈ ٹور سائیکلنگ سٹیج ریس ہے جو تین ہفتوں میں مکمل ہوگی جس میں دنیا کے نامور سائیکلسٹ شریک ہیں۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 3443.3 کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس میں 23 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 23 روز جاری رہنے کے بعد یکم جون کو اختتام پذیر ہوگی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602557