میکسیکو سٹی۔29مئی (اے پی پی):میکسیکو کی وزارت صحت نے ملک میں منکی پاکس کے پہلے کیس کی تصدیق کر دی ہے۔ چینی خبر رساں ادارے نے میکسیکو کی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ منکی پاکس کے پہلے درآمدی شخص کی عمر50 سال ہےجو نیو یارک سٹی کا مستقل رہائشی ہے اور ممکنہ طور پر ہالینڈ میں متاثر ہوا تھا۔انڈر سیکرٹری برائے صحت ہیوگو لوپیز گیٹل نے کہا ہے کہ متاثرہ شخص کو احتیاطی طور پر تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کے جلد ٹھیک ہونے کا امکان ہے۔ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ منکی پاکس عام طور پر متاثرہ مریض سے قریبی رابطے کے باعث پھیلتی ہے جبکہ اس سے متاثرہ مریض چند ہفتوں میں ٹھیک ہو جاتے ہیں۔اس کی علامات میں بخار، پٹھوں میں درد، سر درد، سوجن ، تھکاوٹ اور جلد کی ظاہری شکلیں جیسے چھالے شامل ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ، پرتگال، سپین، سویڈن اور امریکا میں اب تک محدود تعداد میں مونکی پوکس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔