میکسیکو کے ساتھ سرحد بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا، ٹرمپ

68
امریکی عدالت نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دھوکہ دہی کا ذمہ دار قرار دے دیا

واشنگٹن ۔ 3 اپریل (اے پی پی) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے غیرقانونی تارکینِ وطن کی امریکہ آمد روکنے کے لیے تاحال میکسیکو کے ساتھ سرحد بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔اس سے قبل صدر نے گزشتہ ہفتے امریکہ میکسیکو سرحد پر تارکینِ وطن کی مسلسل آمد پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے سرحد مکمل طور پر بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔صدر کے اس عندیے پر امریکہ کی کئی بڑی کمپنیوں نے تشویش کا اظہار کیا تھا جنہیں خدشہ تھا کہ سرحد کی بندش سے خام مال کی ترسیل متاثر ہوسکتی ہے۔بظاہر تاجر اور سیاسی حلقوں کے دباوپر صدر نے منگل کو اپنے موقف پر نظرِ ثانی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تاحال سرحد کی بندش کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔اس سے قبل اپنے ایک ٹوئٹ میں صدر نے غیر قانونی تارکینِ وطن کی امریکہ آمد کو روکنے کے لیے میکسیکو کی کوششوں کی تعریف بھی کی۔امریکی صدر نے اعتراف کیا ہے کہ سرحد کی بندش کے معیشت پر منفی اثرات پڑیں گے۔ لیکن ان کے بقول سلامتی زیادہ اہم ہے۔ سلامتی میرے نزدیک تجارت سے زیادہ اہم ہے۔وائٹ ہاوس کی ترجمان سارہ سینڈرز کا کہنا ہے کہ امریکی حکام سرحد کی بندش سے متعلق تمام آپشنز پر غور کر رہے ہیں اور وائٹ ہاوس کے مشیر سرحد پر داخلے کے بعض مقامات کی بندش اور اس کے ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔