نئی بنگلہ دیشی حکومت کے ساتھ مل کر علاقائی ترقی کے لئے پر عزم ہیں ،گورنر پنجاب

62

لاہور۔18فروری (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے ،پاک بنگلہ دیش تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ، حالیہ وفد کے دورہ سے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہو گا، نئی بنگلہ دیشی حکومت کے ساتھ مل کر علاقائی ترقی کے لیے پر عزم ہیں – ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان کے دورہ پر آئے بنگلہ دیش میڈیا ہائوسز کے 10 رکنی وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا – اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ شفقت عباس خان و دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر بہتر تعلقات کا خواہاں ہے ، خطے میں پائیدار امن کے بغیر ترقی کا خواب ممکن نہیں ہو سکتا-

انہوں نے بنگلہ دیشی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش ہمارا برادر اسلامی ملک ہے ، ان کے ساتھ دین کا بھی رشتہ ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلیم ، ٹیکنالوجی ، تجارت ، آرٹس اینڈ کلچر سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک کی جامعات میں اردو چیئر اور بنگلہ چیئر کے قیام سے تعلیم کے شعبے میں دو طرفہ تعلقات میں اضافہ ممکن ہے -گورنر پنجاب نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے ،حکومت نئی بنگلہ دیشی حکومت کے ساتھ مل کر علاقائی ترقی اور باہمی بھائی چارے اور تعاون کے فروغ کے لیے پر عزم ہے، 10 رکنی بنگلہ دیشی وفد کے اس دورہ سے آنے والے دنوں میں باہمی تعلقات کو نئی جہت ملے گی ، پاکستان سے بھی مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اسٹیک ہولڈرز کو بنگلہ دیش کا دورہ کرنا چاہیے

میں امید کرتا ہوں کہ بنگلہ دیش سے اس طرح کے وفود کے دورے جاری رہیں گے-بنگلہ دیشی وفد کے سربراہ فخرالعالم نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، یہاں آکر لوگوں سے جو محبت اور پیار ملا اس پر بڑی خوشی ہوئی- انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک متنوع ثقافت کا حامل ملک ہے، یہاں مری، اسلام آباد، لاہور سمیت دیگر علاقوں میں سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہیں ، جس سے استفادہ کیا جا سکتا ہے- انہوں نے اردو زبان میں بھی خطاب کیا اور کہا کہ اردو زبان بہت میٹھی زبان ہے، بنگلہ دیشی عوام بھی پاکستانیوں سے محبت کرتی ہے- انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان سے پیار اور محبت کی شاندار یادیں لے کر واپس جائیں گے اور اپنی عوام اور حکومت کو آگاہ کریں گے-وفد نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا گورنر ہائوس مدعو کرنے کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں فردا فردا 10 رکنی بنگلہ دیشی وفد کے ارکان کا گورنر پنجاب سے تعارف کروایا گیا ، وفد میں اے ایم ایم بہائو الدین ،ایوب بہوئیان، مقتدر راشد رومیو ، پوریمول پلما، مہدی حسن تلقدار، حق فرخ احمد ، فخرالعالم خان، مورشد حسیب حسن ، اے کے ایم سید داد حسین اور ذاکر حسین شامل تھے –