نئی حج پالیسی منظوری کے لئے وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی

51

اسلام آباد ۔ 21 جنوری (اے پی پی) نئی حج پالیسی منظوری کے لئے جمعرات کو وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی‘ منظوری کی صورت میں حج درخواستیں 15 فروری سے وصول کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ وزارت مذہبی امور نے نئی حج پالیسی کے مسودے کو حتمی شکل دے دی ہے جسے جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ حج 2019ءکے لئے پالیسی کی منظوری کے بعد حج درخواستیں 15 فروری سے وصول کئے جانے کا امکان ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال حج پیکج 3 لاکھ 90 ہزار سے زائد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کی کمی کی وجہ سے حج اخراجات میں اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی حج پالیسی کے مطابق رواں سال 1لاکھ 84ہزار 210 پاکستانی سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔ رواں سال بھی گزشتہ سال کی طرح 80 سال یا اس سے زائد عمر رسیدہ افراد اور تین سال تک مسلسل ناکام رہنے والے سرکاری سکیم کے درخواست گزاروں کو بغیر قرعہ اندازی کے ذریعے فریضہ حج کی ادائیگی کا اہل قرار دیا جائے گا جس کے لئے 10 ہزار کا الگ کوٹہ مختص کیا جائے گا۔