نئی دہلی ۔ 26 دسمبر (اے پی پی) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے تقریب منعقد ہوئی جس میں سفارت خانہ کے تمام افسران اور عملے کے ارکان نے شرکت کی۔ اس موقع پرپاکستانی ہائی کمیشن سکول کے طالب علم نے تحریک پاکستان میں قائداعظم محمدعلی جناح کے قابل تقلید جدوجہد کواجاگرکیا۔پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر نے صدراوروزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کرسنائے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنرسہیل محمودنے شرکاءکو یوم قائد پر مبارکباددی اورکہاکہ قائداعظم برصغیر کے ان چند عظیم رہنماوں میں شامل ہیں جنہوں نے تاریخ کا دھاراتبدیل کیا۔انہوں نے کہاکہ قائد اعظم اوران کے ساتھیوں نے انتھک محنت،لگن اورجہد مسلسل سے برصغیرکے مسلمانوں کیلئے علیحدہ ملک کاخواب پوراکردیا۔انہوں نے کہاکہ قائداعظم کا پاکستان کیلئے وژن جمہوری، اقتصادی طورپرمضبوط، مستحکم اورجدید فلاحی ریاست تھا ۔ اس موقع پر قائد کی زندگی پرمبنی کتابوں کی نمائش بھی منعقد کی گئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=82893