اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن نے بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے 2942 سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیئے۔ بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات پاکستان میں 6 سے 15 نومبر 2022ء تک منعقد ہوں گی۔ سکھ یاتریوں کو ویزے مذہبی مقامات کی یاترا کے لئے1974 ء کے پاکستان ۔ بھارت پروٹوکول کے تحت جاری کئے گئے ہیں۔
جمعہ کو پاکستان ہائی کمیشن سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق ہر سال بھارت سے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد مختلف مذہبی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان کا دورہ کرتی ہے۔ نئی دہلی سے جاری ہونے والے ویزے دیگر ممالک سے ان تقریبات میں شرکت کرنے والے سکھ یاتریوں کو دیئے گئے ویزوں کے علاوہ ہیں۔
ہائی کمیشن کی طرف سے مذہبی یاتریوں کو ویزوں کا اجراء دونوں ممالک کے درمیان مذہبی مقامات کے دوروں کے بارے میں دوطرفہ پروٹوکول پر مکمل عمل درآمد کیلئے حکومت پاکستان کے عزم کے مطابق ہے۔ اس پرمسرت موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ناظم الامور آفتاب حسن خان نے سکھ یاتریوں کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مقدس مذہبی مقامات کے تحفظ اور زائرین کو ضروری سہولتیں فراہم کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔اپنے دورہ کے دوران سکھ یاتری ڈیرہ صاحب، پنجہ صاحب، ننکانہ صاحب اور کرتارپور بھی جائیں گے۔ سکھ یاتری 6 نومبر کو پاکستان میں داخل ہوں گے اور 15 نومبر کو واپس بھارت روانہ ہوں گے۔