فیصل آباد۔ 10 اگست (اے پی پی):جشن آزادی کے حوالے سے فیصل آباد کے بازاروں، مارکیٹوں، شاہراہوں، تجارتی عمارات، گلی محلوں، سرکاری و نیم سرکاری عمارات کو خوبصورتی سے سجانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جس میں فیصل آباد کی تاجر برادری اور نوجوان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے اے پی پی سے بات چیت کے دوران تعمیرپاکستان میں تاجر برادری کے شاندار کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو آزادی کی اہمیت سے آشنا رکھنے کے لیے یوم آزادی کو ملی جوش و جذبے سےمنانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاجر کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے وطن کی خدمت کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کی بھلائی کے لیے بھی فلاحی منصوبوں پر عمل پیرا ہیں اور وہ کسی بھی مشکل وقت میں امدادی سرگرمیوں میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں جو کہ وطن اور ہم وطنوں سے ان کی گہری محبت کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے پروگرامز میں شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے شہر میں آزادی کا دن منانے کا پر جوش ماحو ل عروج پر نظر آنا چاہیے۔ دریں اثنا تاجر نمائندوں نے اے پی پی کو جشن آزادی کے پروگرامز سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چوک گھنٹہ گھرکے آٹھوں بازاروں سمیت دیگر بازاروں اور مارکیٹوں، غلہ و سبزی منڈیوں اور دیگر کاروباری مراکز کو قومی پرچم اور دیگر آرائشی اشیاسے سجایا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ تینوں دن کے دوران مختلف اوقات میں آزادی کے کیک کاٹنے کی تقاریب بھی منعقد کی جائیں گی جبکہ سرکاری سطح پر ہونے والی تقریبات میں بھر پور شرکت کی جائے گی۔