نئی نسل کی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور انہیں لیڈرز بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،فیصل کریم کنڈی

71

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نئی نسل کی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور انہیں مستقبل کیلئے اچھے لیڈرز بنانا جامعات سمیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اِن خیالات کا اظہار نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں تخلیقی قیادت کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کا شمار پوری دنیا میں صف اول کےباصلاحیت نوجوانوں میں کیا جاتا ہے، وہ اپنا مستقبل باہر ممالک کی بجائے اپنے ہی ملک میں سنواریں،پاکستان میں باہر ممالک سے زیادہ مواقع موجود ہیں،صرف نوجوانوں کی سمت درست کرنے اور انکی رہنمائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے انٹرنیٹ سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی بلا تعطل فراہمی ضروری ہے، آئے دن سڑکیں بند کرنے سے ان میں مایوسی پھیلتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعات سمیت یہ ہم سب کی مشترکہ زمہ داری ہے کہ نئی نسل کی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھائیں اور انہیں مستقبل کے اچھے لیڈرزبنائیں، یہ کانفرنس اس خواب کی تعبیر کا ایک قدم ہے۔ آزاد کشمیر کے وزیر دیہی ترقی، فیصل ممتاز راٹھور نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ نوجوانوں کی اتنی بڑی فوج ہمارے پاس ہے لیکن بد قسمتی سے ہمارے نوجوان تقسیم ہیں،ملک کی ترقی و استحکام کیلئے انہیں ایک چھتری کے نیچے اکٹھا کرکے ایک قوم بنانے کی ضرورت ہے ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم واحد راستہ ہے جس سے آپ دوسروں پر فوقیت حاصل کرسکتے ہیں، ہمارے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، پاکستانی نوجوانوں نے ہر شعبہ زندگی میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔

کانفرنس کا اہتمام آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن نے رضاکار فورس پاکستان کے تعاون سے کیا ۔دیگر مقررین میں رضاکار فورس کے صدر عثمان رضا ، ڈاکٹر صائمہ ناصر کے علاوہ راحیل نذیر چوہدری،ایلیسن رینیو اور عمائمہ افتخار شامل تھے۔مقررین نے کہا کہ آج کی دنیا میں قائدانہ صلاحیتیں صرف طاقت کا مظہر نہیں بلکہ تعاون، تخلیقی سوچ اور جدت کے ستون ہیں۔ان کا کہنا تھا ہم یہاں اس لئے جمع ہیں کہ نوجوانوں کو ان صلاحیتوں سے آراستہ کریں جو انہیں مستقبل کی قیادت میں نمایاں بنائیں گی۔