نئے انتظامی یونٹس فعال نہ ہونے سے ان اضلاع کے عوام کے مایوسی اور مسائل میں اضافہ ہوا ہے،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان

نئے انتظامی یونٹس فعال نہ ہونے سے ان اضلاع کے عوام کے مایوسی اور مسائل میں اضافہ ہوا ہے،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان

163
Chief Minister Gilgit Baltistan Haji Gulbar Khan

گلگت۔15اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیر صدارت چار نئے اضلاع کو فعال بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقدا۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سال 2019 میں پسماندہ اور دور دراز علاقوں کی احساس محرومی کو دور کرنے اور عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کرنے کیلئے چار نئے انتظامی یونٹس کا اعلان کیا گیا تھا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی کیا گیاتھا۔ تاہم پانچ سال گزرنے کے باوجود نئے انتظامی یونٹس فعال نہ ہونے سے ان اضلاع کے عوام کے مایوسی اور مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔

لہٰذا صوبائی حکومت نے اصولی فیصلہ کیا ہے کہ چار نئے انتظامی یونٹس کو ضروری آسامیوں سے فعال بنائے اور بتدریج تمام ضروری پوسٹوں کی تخلیق اور بھرتیاں مرحلہ وار کی جائیں۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کو ہدایت کی ہے کہ نئے چار انتظامی یونٹس کو فوری طور پر فعال بنانے کیلئے ضروری آسامیوں کی سمری تیار کریں اور کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کریں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون غلام محمد، صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن رحمت خالق، سیکرٹری سروسز، سیکرٹری قانون، ایس ایم بی آر اور متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔