بیجنگ۔1جولائی (اے پی پی):چین کے صدر، سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکرٹری، مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین اور سینٹرل فنانشل اینڈ اکنامک کمیشن کے ڈائریکٹر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ ایک متحدہ قومی مارکیٹ اور نئے ترقیاتی نمونے کی تعمیر اور سمندری معیشت کی اعلی معیار کی ترقی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک (سی جی ٹی این ) کے مطابق یہ بات انہوں نے منگل کو مرکزی مالیاتی اور اقتصادی کمیشن کے چھٹے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں متحد قومی مارکیٹ کی تعمیر اور سمندری معیشت کی اعلی معیار کی ترقی سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا۔
چینی صدر نے اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ ایک متحدہ قومی مارکیٹ اور نئے ترقیاتی نمونے کی تعمیر اور اعلی معیار کی ترقی کو فروغ دینے کی اہم ضرورت ہے۔ چینی طرز کی جدیدکاری کو فروغ دینے کے لئے ہمیں سمندری معیشت کی اعلی معیار کی ترقی کو فروغ دینا ہوگا اور سمندری وسائل کے ذریعے ملک کو طاقتور بنانے کے لئے چینی خصوصیات کا حامل راستہ تلاش کرنا ہوگا۔ اجلاس میں نشاندہی کی گئی کہ ایک متحدہ قومی مارکیٹ کی تعمیر کو گہرائی سے فروغ دینے کے لئے بنیادی تقاضوں میں مارکیٹ کے بنیادی نظام ، مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے ، حکومتی طرز عمل کے معیارات ، مارکیٹ کی نگرانی اور قانون کے نفاذاور فیکٹر ریسورس مارکیٹ کو متحد کرنا اور بیرونی دنیا کے لئے کھلے پن کو مسلسل بڑھانا شامل ہے۔
سمندری معیشت کی اعلی معیار کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے اعلی سطحی ڈیزائن کو مضبوط بنانا، پالیسی سپورٹ بڑھانا اور سمندری معیشت کی ترقی میں فعال طور پر حصہ لینے کے لئے سماجی سرمائے کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرنا ضروری ہے.اجلاس میں کہا گیا کہ ہمیں سمندری سائنس و ٹیکنالوجی میں آزاد انہ جدت طرازی کی صلاحیت کو بہتر بناتے ہوئے سمندری سٹریٹجک سائنس اور ٹیکنالوجی کی طاقت کو مضبوط بنانا ہوگا اور عالمی سمندری سائنسی تحقیق ، آفات کی روک تھام اور بلیو اکانومی کے تعاون کو مضبوط بنانا ہوگا۔