نئے دور کے چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے ڈیجیٹل میڈیا کو فروغ دینا ہوگا، وفاقی سیکریٹری اطلاعات زاہدہ پروین کا تقریب سے خطاب

72

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات زاہدہ پروین نے کہا ہے کہ نئے دور کے چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے ڈیجیٹل میڈیا کو فروغ دینا ہوگا، انفارمیشن سروسز اکیڈمی سرکاری افسران کو بہتر تربیت فراہم کر رہی ہے، یہاں سے تربیت پانے والے افسران مختلف شعبوں میں احسن طریقے سے خدمات سرانجام دے سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام (ایس ٹی پی) اور 37 ویں مڈ کیئریئر مینجمنٹ کورس (ایم سی اے سی) کی پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ تربیت پانے والے افسران کے لئے بہتر مواقع موجود ہیں، ہمارے وقت میں میڈیا کا مختلف دور تھا، اتنی سہولیات نہیں تھیں جتنی آج ہیں، اب ڈیجیٹل میڈیا کا دور ہے جس سے نئے افسران کو مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ ہمیں تربیت کے خصوصی گروپوں پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی اور افسران کی تربیت ان کے متعلقہ شعبہ میں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن تربیت کبھی عملی تربیت کا متبادل نہیں ہو سکتی، اسی لئے عملی تربیت کا فیصلہ درست تھا۔ قبل ازیں انفارمیشن سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل طارق محمود خان نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کورس کے کامیاب شرکاءکو مبارکباد دی اور بتایا کہ 32 ایس ٹی پی اور پانچ پروبیشن افسران نے کورس میں تربیت حاصل کی۔ یہ کورس آن لائن اور عملی تربیت پر مشتمل تھا۔ آن لائن تربیت کے بعد شرکاءنے عملی طور پر بھی کورس میں شریک ہوئے۔ انہوں نے کورس کے شرکاءکی کامیابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروسز اکیڈمی ثمینہ فرزین نے کہا کہ تین ہفتوں کی تربیت میں ماہرین نے شرکاءکی بھرپور رہنمائی کی۔ محدود وسائل میں رہتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروسز اکیڈمی نے بہت عمدہ طریقے سے کورس ترتیب دیا۔ آن لائن تربیت دلچسپ اور چیلنجنگ تھی۔ تقریب کے اختتام پر وفاقی سیکریٹری زاہدہ پروین نے کورس کے شرکاءمیں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ”اے پی پی“ سمیت وزارت اطلاعات کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔