نئے سال کی پہلی ون ڈے سیریز میں جیت کر آغاز کرنا چاہتے ہیں۔ بابراعظم

116

کراچی۔8جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کا شمار دنیا کے بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے،نئے سال کی پہلی ون ڈے سیریز میں جیت کر آغاز کرنا چاہتے ہیں،این او سی ملک میں کرکٹ نہ کھیلنے والے کھلاڑی کا حق ہے،مجھے اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے اور میرا کام پاکستان کو جیتانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں (کل) پیر سے شروع ہونے والی تین میچوں پر مشتمل ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

بابراعظم نے کہا کہ سرفراز احمدکے چار سال تک ٹیم کے باہر رہنے پر مجھے کوئی افسوس نہیں، سرفراز نے انتظارکیا لیکن ہمت نہیں ہاری اور چارسال تک انتظار کرنے کے بعد کم بیک کیا، انہوں نے سینیئر کھلاڑی ہونے کا بھرپورا ثبوت دیا اور پاکستان کے لئے بروقت اچھی اننگز کھیلیں اور مشکلات سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی کھلاڑی کو موقع ملتا ہے تو اسے فائدہ اٹھانا چاہیے کیونکہ ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ جب اس سے چانس ملے تو وہ قومی ٹیم کے لئے کھیلے، اسی لئے کوشش کرنی چاہیئے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے۔ نائب کپتان شان مسعود کے پلیئنگ الیون میں شامل ہونے پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں بابر نے کہا کہ کسی ایک کھلاڑی پر نائب کپتان ہونے کے باوجود بات نہیں کی جاسکتی، وکٹ دیکھنے کے بعد پلیینگ الیون کا اعلان کیا جائے گا،

کوشش ہوگی کہ بیسٹ الیون کھیلائی جائے تاکہ ون ڈے سیریز کو جیتنے کی کوشش کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال پاکستان کی ٹیم نے وائٹ بال میں 90 سے 95 فیصد میچ جیتے تھے، کوشش کریں گے کہ وائٹ بال کے مومنٹم کو جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حارث، نسیم،وسیم، دھانی اور حسنین سمیت ہماری وائٹ بال میں بہت اچھی بالنگ اسٹرنتھ ہے، نئے سال کی پہلی ون ڈے سیریز میں جیت کر آغاز کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کا شمار دنیا کے بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے اور ان کا کمبینیشن بھی اچھا ہے، ہماری ٹیم میں بھی نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں۔ بابر نے کہا کہ اگر کوئی کھلاڑی ٹیم میں شامل نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں کرکٹ نہیں کھیل پارہا تو یہ اس کا حق ہے کہ وہ دنیا میں ہونے والی دیگر لیگس میں کھیلے، اس سلسلے میں این او سی اس کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلیکٹرز اور کپتان کا ایک پیج پر ہونا بہت ضروری ہے اور ہم ایک پیج پر ہیں، ہماری کمیونیکشن بھی ہوتی ہے، کپتان اور کوچ کا پلان پاس آن ضرور کیا جاتا ہے۔ بابراعظم نے کہا کہ مجھے کسی کو جواب دینے کی ضرورت نہیں ہے، میرا کام کرکٹ کھیلنا ہے کسی مطمئن کرنا نہیں،مجھے اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے اور میرا کام پاکستان کو جیتانا ہے۔