نئے سال کے آغاز پر پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد ، نیا سال ترقی و خوشحالی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کا سال ہو گا، صدر مملکت آصف علی زرداری کا سال نو پر پیغام

178

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے سال کے آغاز پر پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیا سال ترقی و خوشحالی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کا سال ہو گا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے سال نو پر اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے یکجہتی، نظم و ضبط، مسلسل محنت اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا ۔صدر مملکت نے سالِ نو کے آغاز پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کی دعا کرتے ہوئے کہاکہ نیا سال پاکستانی قوم کیلئے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی لیکر آئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرکے اُن کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی،پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے غریب طبقے کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی،بحیثیت قوم گزشتہ سال کی کامیابیوں اور ناکامیوں کا جائزہ لینے اور ماضی سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔صدر مملکت نے زور دیا کہ آئیں نئے سال کے آغاز پر عوامی خدمت، امن و استحکام کیلئے محنت سے کام کرنے کا عزم کریں،اللہ تعالیٰ سے دعا ہے نیا سال ملک کیلئے کامیابیوں کا سال ہو۔